انٹرنیشنل ائرپورٹس پر مسافروں کو آف لوڈنگ کی شدید مذمت کرتا ہوں۔چیف اکرام الدین
جب مسافر کے پاس تمام دستاویزات مکمل ہوں تو اسے روکنے یا آف لوڈ کرنے کا کوئی قانونی اختیار نہیں ہے۔چیف ایگزیکٹیو گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ
اٹلی(انٹرنیشنل ڈیسک)غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے چیف ایگزیکٹیو اکرام الدین نے پاکستان کے ائرپورٹس، خصوصاً اسلام آباد، لاہور اور کراچی انٹرنیشنل ائرپورٹس پر مسافروں کے ساتھ ہونیوالی غیر قانونی کارروائیوں، رشوت ستانی اور بلاجواز آف لوڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔چیف اکرام الدین کا کہنا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے انٹرنیشنل وزٹرز اور بیرون ملک جانے والے پاکستانی ٹریولرز کو ایف آئی اے سمیت متعلقہ اداروں کی جانب سے بلاوجہ ہراساں کیا جا رہا ہے،جبکہ کئی مسافروں سے بھاری رقوم رشوت کے طور پر وصول کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی سالانہ اربوں روپے ملک میں بھیجتے ہیں اور ملکی معیشت کو سہارا دیتے ہیں، لیکن انہی محنت کشوں کو انٹرنیشنل ائرپورٹس پر بلا وجہ آف لوڈ کرنا ظلم، امتیازی سلوک اور انتہائی قابلِ مذمت عمل ہے۔چیف اکرام الدین نے کہا کہ اگر کسی مسافر کے پاس پاسپورٹ، درست ویزہ، ہوٹل بکنگ اور ریٹرن ٹکٹ سمیت تمام دستاویزات مکمل ہوں تو اسے روکنے یا آف لوڈ کرنے کا کوئی قانونی اختیار نہیں۔ بغیر الزام گھنٹوں لائنوں میں بٹھانا، بے بنیاد شبہات پر واپس گھروں کو بھیج دینا اداروں کے اختیارات کے بےرحمانہ استعمال کی مثال ہے۔چیف اکرام الدین نے کہا کہ ایک عام پاکستانی مسافر برسوں کی محنت کے بعد ویزہ اور ٹکٹ بناتا ہے، لیکن ایئرپورٹ پر محض “شک” کی بنیاد پر اس کے خوابوں کو روند دینا ناانصافی نہیں بلکہ قومی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ آج خلیجی ممالک میں ملازمتیں بھارتی، بنگلہ دیشی، نیپالی اور فلپائنی افراد لے رہے ہیں، جبکہ پاکستانی نوجوان ایئرپورٹس پر ہی روک دیے جاتے ہیں۔چیف اکرام الدین نے مطالبہ کیا کہ تمام ادارے قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنائیں اور مکمل دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو بلاجواز آف لوڈ کرنے کا سلسلہ فوری بند کیا جائے۔ قانون کو قانون رہنے دیا جائے اور اختیار کو ظلم کا ذریعہ نہ بنایا جائے چیف ایگزیکٹیو اکرام الدین نے وزیراعظم اسلامیہ جمہوریہ پاکستان میاں شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی، سے بھی مطالبہ کیا کہ بیرونی ممالک میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ پاکستان ایئرپورٹس پر جاری ظلم و زیادتی کا نوٹس لے اور اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل پر خصوصی توجہ دینے میں کلیدی کردار ادا کریں۔
