BBC Urdu TV

امریکا میں برفانی طوفان کا سلسلہ نہ تھم سکا، مختلف حادثات میں ہلاکتیں 38 ہوگئیں

امریکا میں برفانی طوفان کا سلسلہ نہ تھم سکا، مختلف حادثات میں ہلاکتیں 38 ہوگئیں۔

گزشتہ دو دنوں کے دوران 16 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کی گئیں اور ساڑھے پانچ لاکھ سے زیادہ صارفین بجلی سے محروم ہیں۔

نیو یارک(نمائندہ نائلہ جعفری)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق امریکا میں برفانی طوفان کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور مختلف حادثات کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 38 ہو گئی ہے۔واشنگٹن، نیویارک سمیت درجنوں ریاستوں میں یخ بستہ ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور شدید برفباری ہو رہی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق خراب موسم کے باعث پیش آنے والے حادثات میں اب تک 38 افراد جان سے جا چکے ہیں، جن میں سے 10 ہلاکتیں صرف نیویارک میں رپورٹ ہوئی ہیں۔واشنگٹن ڈی سی اور دیگر متاثرہ علاقوں میں ہر طرف برف کی سفید چادر بچھی ہوئی ہے، جبکہ وفاقی دفاتر مسلسل دوسرے روز بھی بند رہے۔ گزشتہ دو دنوں کے دوران 16 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کی گئیں اور ساڑھے پانچ لاکھ سے زیادہ صارفین بجلی سے محروم ہیں۔شمالی ریاستوں میں درجہ حرارت خطرناک حد تک گر چکا ہے اور رپورٹس کے مطابق یکم فروری تک درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے رہنے کا امکان ہے۔دوسری جانب کینیڈا میں بھی شدید برفباری جاری ہے، جس کے باعث ٹورنٹو اور جنوبی اونٹاریو برف سے ڈھک گئے ہیں۔ خراب موسم کے سبب اسکول بند کر دیے گئے جبکہ ہزاروں پروازیں منسوخ ہوئیں۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔

Exit mobile version