الیکشن میں کامیاب 9 مئی کے اشتہاریوں کی گرفتاری کا فیصلہ۔
واضح رہے کہ ملک میں ہونے والے عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے میاں اسلم اقبال، امتیاز شیخ، علی امین گنڈاپور 9 مئی واقعات کے سلسلے میں لاہور پولیس کو مطلوب ہیں۔
لاہور(نمائندہ نادیہ تبسم)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق ملک میں ہونے والے عام انتخابات کے نتائج میں کامیاب قرار دیے گئے ایسے امیدوار جو 9 مئی واقعات پر اشتہاری ہیں، کی گرفتاری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے سانحہ 9 مئی کے اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے پلان مکمل کرلیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ملک میں ہونے والے عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے میاں اسلم اقبال، امتیاز شیخ، علی امین گنڈا پور 9 مئی واقعات کے سلسلے میں لاہور پولیس کو مطلوب ہیں۔عدالت نے ان تینوں افراد کو سانحہ 9 مئی کے کیسز میں اشتہاری قرار دیا تھا۔میڈیا کی رپورٹ میں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اشتہاریوں کے روابط کا تعین کرنے کے لیے جیوفینسنگ ، موبائل ٹریکنگ اور آئی پی ایڈریس ٹریک کر لیے گئے ہیں، جس کے بعد عام انتخابات میں کامیاب ہوکر اسمبلی کی نشست جیتنے والے اشتہاریوں کی گرفتاری قانون کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔ذائع کا کہنا ہے کہ ملزمان انتخابی مہم اور نتائج کے دوران مسلسل کارکنوں سے رابطے میں رہے ۔ 9مئی کے مقدمات میں مطلوب اشتہاریوں کو کٹہرے میں لانے کے لیے کارروائیاں تیز کی جارہی ہیں ۔ اشتہاریوں کی لوکیشن معلوم کرنے کے لیے ایف آئی اے اور دیگر اداروں سے بھی مدد لی جارہی ہے ۔ 9مئی کے مقدمات میں ملوث 22 اشتہاری رہنماء 282 کارکن تاحال انتہائی مطلوب ہیں۔
