BBC Urdu TV

افراد باہم معذوری میں راشن کی تقسیم، فرینڈز آف پیراپلیجکس کا احسن اقدام

افراد باہم معذوری میں راشن کی تقسیم، فرینڈز آف پیراپلیجکس کا احسن اقدام۔

پیراپلیجک سنٹر پشاور کے چیف ایگزیکٹیو نے مستحقین میں فوڈ پیکیج تقسیم کئے۔

پشاور(نمائندہ فاطمہ جعفر)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق فلاحی تنظیم فرینڈز آف پیراپلیجکس نے رمضان المبارک کے بابرکت لمحات میں انسانیت دوستی کی عمدہ مثال قائم کرتے ہوئے مزید کئی افراد باہم معذوری اور مستحقین میں فوڈ پیکیجز تقسیم کئے۔ یہ اقدام اندرون و بیرون ملک فلاحی اداروں اور مخیر شخصیات کے تعاون سے عمل میں آیا جس کا مقصد ضرورت مند افراد کو بڑھتی مہنگائی میں سہارا دینا اور انہیں خودکفالت کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ پیراپلیجک سنٹر پشاور کے چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید محمد الیاس نے سنٹر کے سبزہ زار میں مستحقین کو راشن پیکیجز حوالے کئے۔ اس موقع پر انہوں نے مستحقین کو تلقین کی کہ غربت یا معذوری کو اپنی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہ بننے دیں اور انتھک محنت کرکے امداد لینے والے سے امداد دینے والے بننے کی جدوجہد جاری رکھیں۔ راشن تقسیم کے اس مرحلے میں پیراپلیجک سنٹر پشاور کے کلاس فور ملازمین بشمول لانڈری، صفائی، سیکیورٹی، مینٹیننس، باورچی، مالی اور ڈرائیور کے 81 مستحق افراد بھی شامل تھے جنہیں ڈائیو پاکستان کے صدر ساجد خان باتور اور مخیر شہری حاجی ببرک کی جانب سے فوڈ پیکیج دیئے گئے۔ اسی طرح مقامی و افغان وہیل چیئر پیراپلیجک افراد سمیت 21 مستحقین میں برطانوی مسلمانوں کے فلاحی ادارے ہیومن ریلیف مشن کی جانب سے راشن تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر فرینڈز آف پیراپلیجکس کے چیئرمین ثناء اللہ اور جنرل سیکرٹری انجینئر عرفان اللہ نے تنظیم کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر سید محمد الیاس کو اپنے دیگر گوناگوں مصروفیات کے باوجود تنظیم کے رمضان راشن پروگرام میں پرخلوص معاونت اور انسانیت دوستی پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور یقین دلایا کہ انکے پلیٹ فارم سے افراد باہم معذوری کو معاشرے کا مفید اور خودمختار شہری بنانے کا مشن بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے گا۔ اس موقع پر موجود حاجی ببرک اور زعماء نے اعتراف کیا کہ فرینڈز آف پیراپلیجکس افراد باہم معذوری کا بڑا سہارا بن چکا ہے جس کے عہدیداروں نے نہ صرف اپنی معذوری کو ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیا بلکہ دوسرے غریب پیراپلیجکس کی فلاح و بہبود کیلئے بھی کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کی بے لوث خدمات کو ہر سطح پر سراہا جا رہا ہے اور توقع ہے کہ ایسے فلاحی اقدامات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

Exit mobile version