اسلام آباد : پولیس پرعوام کا اعتماد بحال کرنے کیلئے قانون نافذکرنے والے ادارے کو عوامی خدمت اور تحفظ کا ضامن بنایا جا رہاہے ، روایتی تھانہ کلچر کو حقیقی معنوں میں تبدیل کرکے پنجاب کے تھانوں کو امن پسند شہریوں کیلئے دارالامن اور جرائم پیشہ عناصر کیلئے عبرت گاہ بنایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے نیشنل پیس کونسل آف پاکستان کے سرپرست اعلیٰ،معروف صحافی و تجزیہ کار چوہدری خادم علی مانڈلہ سے خصوصی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ روایتی تھانہ کلچر کو حقیقی معنوں میں تبدیل کرکے پنجاب کے تھانوں کو امن پسند شہریوں کیلئے دارالامن اور جرائم پیشہ عناصر کیلئے عبرت گاہ بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اب اس بات کی ضرورت ہے کہ عوام پولیس سے بھرپور تعاون کریں تاکہ سماج عناصر کی حوصلہ شکنی ہوسکے۔اس موقع پر نیشنل پیس کونسل آف پاکستان کے سرپرست اعلی چوہدری خادم علی مانڈلہ نے راؤ سردار علی خان کو پنجاب پولیس کی سربراہی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ جس طرح محکمہ پولیس میں آپ ایک ایماندار محنتی بہادر اور پروفیشنل پولیس آفیسر کی شہرت سے پہچانے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی توقعات بھی آپ پر بہت زیادہ ہیں اُمید ہے کہ آپ پنجاب پولیس اور عوام کے باہمی تعاون سے لاء اینڈ آرڈر کو یقینی بنانے اور قانون کی حکمرانی قائم کرنے کو اولین ترجیح دیں گے، اللہ سبحان تعالی سے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی تمام چیلنجز سے نمٹنے میں آپ کی مدد فرمائے تاکہ آپ عوام اور پولیس فورس کی توقعات پر پورا اُتر سکیں اور تمام چیلنجز سے نمٹ سکیں۔
اسلام آباد : (سلیمان شہباز سے)
