اسرائیل کی سلامتی فلسطینیوں کی قیمت پر نامنظور ہے۔سعودی عرب
آزاد و خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام تک مشرق وسطی میں امن کا قیام ممکن نہیں۔شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان
ڈیووس(انٹرنیشنل ڈیسک)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق سعودی عرب نے کہا ہے کہ آزاد و خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام تک مشرقِ وسطی میں امن کا قیام ممکن نہیں۔ تفصیلات کے مطابق سوئٹزر لینڈ کے شہر ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے دوران ایک پینل مباحثے کے دوران امریکا میں سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان نے کہا کہ سعودی عرب کو 7 اکتوبر کے حملوں کے بعد سلامتی کے حوالے سے اسرائیل کی سوچ کا پوری طرح احساس ہے۔ ذرائع کے مطابق شہزادی ریما نے کہا کہ سلامتی کے حوالے سے اسرائیل کی تشویش اپنی جگہ تاہم یہ نکتہ ذہن نشین رہنا چاہیے کہ فلسطینیوں کی آزاد و خود مختار ریاست کے قیام تک اسرائیل کی سلامتی کو لاحق خطرات بھی دور نہیں کیے جاسکتے۔ اسرائیل کی سلامتی فلسطینیوں کی زندگی دا ؤپر لگا کر ممکن نہیں بنائی جاسکتی ہے۔ اس وقت جنگ بندی کی فوری ضرورت ہے۔رپورٹس کے مطابق امریکا میں سعودی سفیر نے مزید کہا ابھی اور کتنے بچے جان سے ہاتھ دھوئیں گے، مزید کتنے لوگ معذور ہوں گے؟ یہ سب کچھ مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا۔شہزادی ریما نے کہا کہ سعودی عرب نے آزاد و خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کو ہمیشہ اپنی اہم ذمہ داری تصور کیا ہے, فلسطینیوں کی اپنی ریاست ہونی ہی چاہیے۔ واضح رہے کے پینل مباحثے میں سعودی کابینہ کے ارکان عدیل الجبیر، محمد الجدان اور فیصل علی براہیم نے بھی حصہ لیا اور مختلف علاقائی اور عالمی امور پر اظہارِ خیال کیا۔
