اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا، پاکستان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔وزیر خارجہ
پاکستان 1967 سے قبل کی سرحدیں، القدس الشریف دارالحکومت کیساتھ آزاد فلسطین ریاست چاہتا ہے۔جلیل عباس جیلانی
اسلام آباد(نمائندہ کنول رباب)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ اسرائیل فلسطین کے غریب عوام کی نسل کشی کر رہا ہے اور پاکستان کی فلسطین کے حوالے سے پوزیشن ماضی سے پیوستہ ہے۔وزارت خارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا او آئی سی کا خصوصی اجلاس 18 اکتوبر کو جدہ میں ہوگا جس میں بحثیت وزیر خارجہ پاکستان شرکت کروں گا،او آئی سی وزرائے خارجہ کے جدہ اجلاس میں انسانی المیہ بھی ایجنڈے پرہے، او آئی سی اجلاس میں سیز فائر پر عمل درآمد کے لیے غور ہو گا،مشرق وسطیٰ میں فلسطین کے مسئلے کا حل نکالنا انتہائی ناگزیر ہے۔ان کا کہنا تھا پاکستان ہمیشہ فلسطین کے مسئلے پر واضح مؤقف رکھتا ہے، اسرائیل 6 دہائیوں سے زائد عرصے سے فلسطینیوں پر مظالم ڈھا رہا ہے، اسرائیل فلسطین کے غریب عوام کی نسل کشی کررہا ہے، غزہ میں لوگوں کے پاس پانی ہے نہ خوراک ہے، ہم غزہ کے گھیراؤ کی مذمت کرتے ہیں۔
