اسرائیلی میڈیا نے حزب اللہ کے ڈرون حملے میں آرمی چیف کی ہلاکت کی تردید کردی۔
مختلف اکاؤنٹس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ ڈرون حملے میں اسرائیلی آرمی چیف بھی ہلاک ہوگئے۔
اسرائیل(انٹرنیشنل ڈیسک)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق اسرائیلی میڈیا نے گزشتہ روز شمالی اسرائیل میں فوجی بیس پر ہونے والے حزب اللہ کے ڈرون حملے میں اسرائیلی آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل ہرزی ہالیوی کی ہلاکت کی تردید کردی۔خیال رہے کہ گزشتہ روز شمالی اسرائیل پر حزب اللہ کے ڈرون حملے میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 60 سے زائد اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے تھے۔ میڈیا کے مطابق یہ 7 اکتوبر 2023 کے بعد ہلاک و زخمی ہونے والے فوجیوں کی تعداد کے حوالے سے اسرائیلی فوج پر ہونے والا سب سے بڑا حملہ ہے۔میڈیا کے مطابق لبنان سے آنے والے ڈرون نے اسرائیلی فوج کی گولانی بریگیڈ کی ٹریننگ بیس کو نشانہ بنایا۔ حملے کے وقت بیس پر موجود فوجی کھانے کے لیے میس میں جمع تھے۔حملے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف اکاؤنٹس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ اس ڈرون حملے میں اسرائیلی آرمی چیف بھی ہلاک ہوگئے۔مذکورہ خبروں پر آئی ڈی ایف کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا تاہم اسرائیلی میڈیا نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے افواہ قرار دیا ہے۔میڈیا کے مطابق حزب اللہ کے ڈرون حملے کے بعد ایکس پر ویریفائیڈ اکاؤنٹس سے بھی لیفٹیننٹ جنرل ہرزی ہالیوی کی ہلاکت کی جھوٹی خبریں پوسٹ کی گئیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق حملے کے بعد اسرائیلی آرمی چیف نے متاثرہ بیس کا دورہ کیا اور وہاں موجود اسرائیلی فوجیوں سے ملاقات کی۔
