اسرائیلی جارحیت کے خلاف صحافیوں کا مارچ کراچی پریس کلب کے ممبران اور انکی فیملیز کی کثیر تعداد شریک ہوئیں
صحافیوں، وکلاء اور سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی
فلسیطنیوں سے یکجہتی مارچ کراچی پریس کلب سے گورنر ہاؤس سندھ پر اختتام پزیر ھوا
کراچی (رپورٹ جاوید صدیقی) گزشتہ روز کراچی کے صحافیوں نے غزہ میں پیشہ ورانہ ذمہداریوں کے دوران صحافیوں کی شہادت پر آزادانہ تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق غزہ میں صحافیوں کو نشانہ بنانے پر اسرائیل کے خلاف کراچی پریس کلب سے گورنر ہاؤس تک صحافیوں نے مارچ کیا جسمیں صحافیوں، وکلاء اور سول سوسائٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مارچ کے شرکاء نے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے جس پر اسرائیلی مظالم کے خلاف اور فلسطینی مظلوموں کیساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیل کیخلاف نعرے درج تھے جبکہ اس موقع پر شرکاء کیجانب سے پر جوش نعرے بازی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ گورنر ہاؤس کے سامنے صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی، سیکرٹری شعیب احمد خان، صدر پی ایف یو جے جی ایم جمالی، سیکریٹری پی ایف یو جے دستور اے ایچ خانزادہ، صدر کراچی یونین جرنلسٹس دستور خلیل ناصر، سیکرٹری نعمت خان، جی عاجز جمالی، عامرلطیف، مقصود یوسفی، احمدحسن، طارق ابو الحسن، جاوید چوہدری، احمد حسن، جمیل احمد اور مختلف صحافتی تنظیموں کے عہدیداروں نے مارچ کے شرکاء سے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ غزہ میں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے دوران شہید ہونے والے صحافیوں کی آزادانہ تحقیقات کیلئے کمیشن بنائے۔ انکا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ اور لبنان میں جنگی جرائم میں ملوث ہے اسرائیل دنیا کا وہ واحد ملک ہے جس نے سب سے زیادہ صحافیوں کا قتل کیا۔ اسرائیل آزاد صحافت کے خلاف جرائم کی طویل تاریخ رکھتا ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اسرائیل پچاس سے زائد صحافیوں کو انکے گھروں میں نشانہ بنا کر اہل خانہ سمیت شہید کیا۔ صحافی رہنماؤں نے کہا کہ اسرائیل کے ہاتھوں صحافیوں کے قتل پر اقوام متحدہ کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ عالمی صحافتی تنظیموں کیجانب سے بھی اسرائیل کا نام لے کر اس کی مذمت نہ کرنا افسوسناک ہے، انہوں نے کہا کہ عالمی صحافتی تنظیموں کو خطوط لکھ کر انکے جانبدارانہ رویہ کی جانب توجہ مبذول کرائی جائے۔ مارچ کے شرکاء نے معصوم فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی جارحیت کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مظلوم فلسطینیوں کیساتھ اظہارِ یکجہتی کا سلسلہ جاری رکھا جائیگا۔
