استاد کی حثیت روحانی باپ جیسی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد
انسان جس سے بھی کچھ سیکھے اسکا احترام فرض ہے۔وائس چانسلر باچا خان یونیورسٹی چارسدہ
چارسدہ(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد نے کہا کہ انسان جس سے بھی کچھ سیکھے اس کا احترام فرض ہے۔ اگر سیکھنے والا ، سیکھانے والے کا احترام نہیں کرتا تو وہ علم محض ’’رٹا‘‘ ہے۔ حفظ بے معرفت گفتار ہے،اس میں اعمال کا حسن نہیں ، گویا وہ علم جو عمل سے بیگانہ ہو وہ ایک بے معنی لفظ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علم کسی بھی نوعیت کا ہو ۔اس کا عطا کرنے والا بہر حال قابلِ عزت ہے اور جب تک ادب و احترام کا جذبہ دل کی گہرائیوں سے نہیں اٹھے گا تب تک نہ علم کا گلزار مہک سکے گا اور نہ ہی علم ، طالب علم کے قلب و نظر کو نورانی بنا سکے گا ۔ باقی تمام چیزیں انسان خود بناتا ہے مگرانسان کو کون بناتا ہے۔میری مراد انسان کی تخلیق نہیں انسان کا بشریت سےآدمیت کی طرف سفر ہے۔انسان کو بنانے والے فنکار کا نام ہے، ’’معلم‘‘۔اسی لیے اس کا کام دنیا کے تمام کاموں سے زیادہ مشکل ، اہم اور قابلِ قدر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ استاد اور شاگرد کا رشتہ روحانی رشتہ ہے یہ تعلق دل کے گرد گھومتا ہے۔ اور دل کی دنیا محبت ، ارادت کی کہکشاں سے بکھرتی ہے۔یوم اساتذہ کے موقع پر باچا خان یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد نے گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے ساتھ اپنے انٹرویو میں کہا کہ استاد کی حیثیت روحانی باپ کی سی ہے۔اس کا حق اپنے شاگردوں پر اتنا ہی ہے جتنا باپ کا اولاد پر۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر عظیم انسان کے دل میں اپنے اساتذہ کے احترام کے لیے بے پایاں جذبات ہوتے ہیں یہی اس کی عظمت کی دلیل ہے۔
