*اردو کے ارتقاء میں صوفیہ کرام کا قابل ِ قدر حصہ ہے، صاحبزادہ میاں مستفیض شیر محمد شرقپوری*
*اردو لغت بورڈ "فرہنگ تصوف” کی اشاعت پر مبارک باد کا مستحق ہے، صاحبزادہ میاں مستفیض شیر محمد شرقپوری*
(رپورٹ : جاوید صدیقی) ممتاز روحانی پیشوا صاحبزادہ میاں مستفیض شیر محمد شرقپوری، سجادہ نشین آستانہ عالیہ شیر ربانی "شرقپور” نے کراچی میں حالیہ مختصر قیام کے دوران میں اردو لغت بورڈ، کراچی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں اردو لغت بورڈ کی مرتب کردہ بائیس جلدوں پر مشتمل اردو لغت "تاریخی اصول پر” کا تعارف پیش کیا اور لغت نویسی کے ضمن میں ادارے کی دیگر خدمات سے آگاہ کیا. صاحبزادہ میاں مستفیض شرقپوری کی خدمت میں ادارے کے ارکان وصی اللہ خان، طارق بن آزاد اور غلام قادر کلادی نے ڈائریکٹر جنرل ادارہ فروغِ قومی زبان پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر کی جانب سے مطبوعات کا تحفہ پیش کیا۔ اس موقع پر میاں مستفیض شرقپوری نے قومی زبان کی عظیم خدمت کرنے والے اس ادارے کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا اور بالخصوص فرہنگ تصوف کی اشاعت پر مبارک باد پیش کی. انھوں نے اردو زبان کیلئے صوفیہ کرام کی خدمات اور تحریر کردہ ادب کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے صوفی شعرا کے کلام کی فرہنگوں کی ترتیب و تدوین کی جانب توجہ دلائی اور اس سلسلے میں ادارے کو ہر ممکن تعاون کی پیش کش بھی کی۔
