BBC Urdu TV

اردو لغت – تاریخی اصول پر کی جدید و نستعلیق اشاعت کی اولین بین الاقوامی تقریب پذیرائی

*اردو لغت – تاریخی اصول پر کی جدید و نستعلیق اشاعت کی اولین بین الاقوامی تقریب پذیرائی*

*حاجی محمد رفیق پردیسی کی سرپرستی میں ابھی کچھ لوگ باقی ہیں اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارت خانے کے تعاون سے عالی شان تقریب*

دبئی (رپورٹ: جاوید صدیقی) متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارت خانے کے تعاون سے "ابھی کچھ لوگ باقی ہیں ” کے زیر اہتمام جشن پاکستان فیسٹیول میں اردو لغت تاریخی اصول کی جدید و نستعلیق اشاعت کی تقریب پذیرائی گزشتہ روز پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے آڈیٹوریم میں منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی امارات میں پاکستان کے سفیر عزت مآب فیصل نیاز ترمذی تھے۔ ریڈیسن ایونٹ مینجمنٹ کمپنی نے تقریب کے انتظام و انصرام کی ذمے داری بحسن و خوبی نبھائی جبکہ اس خوبصورت تقریب کے روح و رواں جناب اویس احمد بھٹی، حماد احمد بھٹی اور "ابھی کچھ لوگ باقی ہیں” کے رفقائے خاص تھے۔ تقریب کا آغاز پر جوش انداز میں جشن پاکستان کی مبارکباد سے ہوا ، جس میں سب سے پہلے متحدہ عرب امارات کا ترانہ پیش کیا گیا اور پھر پاکستان کے قومی ترانے کی دھن بجائی گئی، دونوں ملکوں کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات اور امارات میں مقیم پاکستانیوں سے مشفقانہ برتاو کی بدولت حاضرین نے دونوں ترانوں کی دھنوں پر یکساں احترام آمیز جذبات کا اظہار کیا۔
افتتاحی کلمات میں ریڈیسن ایونٹ مینجمنٹ کےحماد احمد بھٹی نے اسپانسرز کا شکریہ ادا کیا اور اردو کی ترویج اور اس طرح کی تقاریب کے انعقاد میں درپیش مالی مسائل کا تذکرہ بھی کیا اور اردو کیلئے دست تعاون دراز رکھنے والی ادب پرور شخصیات کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔ اردو لغت تاریخی اصول پر کی جدید و نستعلیق اشاعت کی رونمائی کے موقع پر ادارہ فروغ قومی زبان کے فیلڈ دفتر اردو لغت بورڈ کراچی کے انچارج طارق بن آزاد نے گفتگو کرتے ہوئے سب سے پہلے اس کام میں ڈاکٹر حاجی رفیق پردیسی کے کردار اور انکے تعاون پر ادارے کی جانب سے شکریہ ادا کیا پھر ادارہ فروغ قومی زبان کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر صاحب کے اس منصوبے میں کلیدی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے حاضرین کو لغت کے بارے میں آگاہی فراہم کی کہ کس طرح انکے ڈائریکٹر جنرل کی ذمے داریاں سنبھالنے کے بعد اس منصوبے پر کام کا آغاز ہوا گو کہ اس کیلئے اپنے مالی و ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی برکاتی فاونڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر حاجی رفیق پردیسی صاحب کئی برس قبل ہی کروا چکے تھے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر حاجی رفیق پردیسی کی بدولت اردو لغت تاریخی اصول کی جدید و نستعلیق اشاعت کی آج پہلی بین الاقوامی تقریب پذیرائی منعقد ہوئی ہے جسکا سہرا ابھی کچھ کوگ باقی ہیں کی وساطت سے دبئی میں مقیم پاکستانیوں کے سر جاتا ہے اور اب یہ سلسلہ ملکوں ملکوں آباد اردو کی نئی بستیوں میں جاری رہے گا لیکن اولیت کا سہرا متحدہ عرب امارات کے سر بندھا ہے۔ طارق بن آزاد نے جشن آزادی کی مناسبت سے لوگوں کو خوشخبری سنائی کہ اردو لغت بورڈ، کراچی کی مرتب کردہ بائیس جلدوں پر مشتمل لغت کی بدولت اردو کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ دنیا کی تیسری ایسی زبان ہے جسکی تاریخی اصول پر لغت مرتب کی گئی ہے۔ اس سے قبل یہ اعزاز صرف انگریزی اور جرمن زبان کو حاصل تھا۔ حاضرین کو اردو لغت بورڈ کے قیام میں بابائے اردو مولوی عبد الحق و جوش ملیح آبادی اور ادارے کے لئے خدمات انجام دینے والے چند نمائندہ ناموں میں ڈاکٹر اختر حسین رائے پوری، شان الحق حقی، ڈاکٹر جمیل جالبی، فہمیدہ ریاض، اشفاق احمد ، جون ایلیا و دیگر کا تذکرہ کیا اور اس بات کی جانب بھی اشارہ کیا کہ یہ صرف چند نام ہیں ورنہ اردو دنیا کے ہر قابل ذکر ادیب و شاعر کا اس لغت کی تدوین میں کسی نہ کسی طور پر حصہ شامل رہا ہے۔
طارق بن آزاد نے ادارے اور ڈائریکٹر جنرل صاحب کی طرف سے نمائندگی کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیر عزت مآب فیصل نیاز ترمذی، تقریب کے مہمان شاعر جناب احمد سلمان اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی نمائندہ شخصیات کو اردو لغت کی نستعلیق اشاعت کی جلد اول و دوم کا نسخہ پیش کیا۔ اس موقع پر حاضرین کا جوش جذبہ دیدنی تھا کیونکہ گفتگو میں اس بات کا ذکر بھی ہوا کہ ریختہ کی اردو لغت کی بنیاد پاکستان کے ایک سرکاری ادارے کی مرتب کردہ لغت ہے اور اس لغت سے اب ویب سائٹ کے ذریعے اور ایپلیکیشن ڈاون لوڈ کر کے بھی استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ پاکستانی سفیر جناب فیصل نیاز ترمذی سے روبرو خصوصی گفتگو کرتے ہوئے طارق بن آزاد نے ادارے کی مجموعی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا اور ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر کی جانب سے اردو لغت بورڈ، کراچی اور ادارہ فروغ قومی زبان ، اسلام آباد کے دورے کی دعوت بھی پیش کی۔ انھوں نے اس گفتگو میں ڈاکٹر اختر حسین رائے پوری سے اپنی قریبی ننھیالی رشتے داری کا تذکرہ کرتے ہوئے اردو لغت کے نستعلیق ایڈیشن کی طباعت پر مبارک بادی کلمات بھی کہے۔
تقریب میں نامور اداکار عمران عباس, اوور سیز پاکستانیوں کے سابق معاون خصوصی برائے وزیراعظم، گلوگار استاد شفقت سلامت علی اور امارات میں مقیم نامور ادب دوست شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
مہمانان گرامی کی گفتگو اور گلوگاری نے محفل میں چار چاند لگا دیئے بالخصوص ملی نغموں کی پیشکش پر پورا حال جھوم رہا تھا اور ہم آواز ہو کے اپنے قومی جذبے کا اظہار کر رہا تھا۔ تقریب کے اختتام سے قبل جشن آزادی کی مناسبت سے کیک کٹنگ کا اہتمام کیا گیا تھا جو عزت مآب فیصل نیاز ترمذی کے ہاتھوں انجام پائی۔ کلمات تشکر پیش کرتے ہوئے جناب اویس احمد بھٹی نے ابھی کچھ لوگ باقی ہیں اور ریڈیسن ایونٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے باردگر اسپانسرز اور حاضرین کا تقریب میں از اول تا آخر شرکت پر شکریہ ادا کیا۔

Exit mobile version