ادویات کی قیمتوں کے تعین کا نوٹیفکیشن عدالت میں چیلنج۔
موجودہ نوٹیفکیشن آئین و قانون کے منافی ہے عدالت درخواست کے حتمی فیصلے تک نوٹیفکیشن معطل کرنے کا حکم دے۔درخواست گزار کی استدعا
لاہور(نمائندہ کوثر بیگ)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق ادویات کی قیمتوں کے تعین کے نوٹیفکیشن کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق درخواست محمد اسلم نامی شہری کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں وفاقی حکومت اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں شہری کا مؤقف تھا کہ نگراں حکومت نے ادویات کی قیمتیں مقرر کرنے کے قانون کے خلاف نوٹیفکیشن جاری کیا، نوٹیفکیشن کے بعد ادویات کی قیمتیں بڑھ جائیں گی۔درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ڈرگ ایکٹ سے ادویات کی قیمتوں کے تعین کی دفعہ کو ہٹا رہی ہے۔نگران حکومت کے پاس یہ اختیار نہیں ہے بلکہ جمہوری حکومت تشکیل دے رہی ہے جو یہ قدم اٹھا سکتی ہے۔درخواست گزار کی جانب سے یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ موجودہ نوٹیفکیشن آئین و قانون کے منافی ہے۔ عدالت درخواست کے حتمی فیصلے تک نوٹیفکیشن معطل کرنے کا حکم دے۔
