یومِ آزادی پاکستان
تحریر: اعجاز علی تیونو/ نواب شاہ
یوم آزادی 14 اگست 1947ء کا سورج برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک نئے دور کی نوید لے کر طلوع ہوا۔ یہ دن محض ایک تاریخ نہیں بلکہ ایک ایسی یادگار حقیقت ہے جو آزادی، خودمختاری اور قربانی کے جذبے کی علامت ہے۔ اس دن ہمیں ایک ایسا وطن ملا جہاں ہم اپنے مذہبی عقائد، ثقافت اور روایات کے مطابق زندگی گزار سکیں۔ پاکستان کا قیام لاکھوں جانوں کی قربانی، بے شمار دکھوں اور طویل جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت اور علامہ اقبال کے خواب نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک منزل دکھائی۔ مسلمانانِ ہند نے متحد ہو کر آزادی کی تحریک میں حصہ لیا اور ظلم و جبر کی تاریک راہوں سے گزر کر روشنی کا وہ چراغ جلایا جو آج بھی ہماری راہوں کو منور کیے ہوئے ہے۔ 14 اگست دراصل قربانی، اتحاد اور عزم کا پیغام ہے۔
یومِ آزادی کا جشن پاکستان بھر میں نہایت جوش و خروش سے منایا جارہا ہے آج صبح سویرے توپوں کی سلامی، قومی پرچم کی بلندی، سرکاری و نجی عمارتوں پر چراغاں، اسکولوں اور کالجوں میں تقریبات، ملی نغمے اور تقاریر کے پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے ملک بھر میں آج 78 واں یوم آزادی پاکستان اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے (آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی) پر معرکہ حق کی مناسبت سے پروگرام ترتیب دئے گئے ہیں جس کے تحت آج پرچم کشائی کی تقاریب، کیک کاٹنے، گرانڈ میوزیکل پروگرام، کھیلوں کے شاندار مقابلے، تقریری اور دیگر پروگراموں کا سلسلہ جاری ہے یہ سب ہمارے دلوں میں آزادی کی محبت کو تازہ کر دیتے ہیں۔ اس دن بچے سبز و سفید لباس زیب تن کرتے ہیں، بزرگ پرچم تھامے دعائیں مانگتے ہیں اور نوجوان عہد کرتے ہیں کہ وہ اس وطن کی حفاظت اپنی جان سے زیادہ کریں گے۔ یومِ آزادی صرف خوشی کا دن نہیں بلکہ احتساب کا دن بھی ہے۔ یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ کیا ہم نے اپنے بزرگوں کے خواب کو حقیقت کا روپ دیا؟ کیا ہم نے اس وطن کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا؟ آزادی کی اصل روح صرف نعروں میں نہیں بلکہ عمل میں پوشیدہ ہے۔ ہمیں تعلیم، محنت، قانون کی پاسداری اور اتحاد کے ذریعے اس ملک کو مضبوط بنانا ہوگا۔
سندھ حکومت کی جانب سے آزادی کی خوشیاں دوبالاہ کرنے کے لیے گھر، گاڑیاں،۔دکانیں، سرکاری و نجی دفاتر کی بہتر انداز میں سجاوٹ کرنے والوں کے لیے انعامات کا بھی اعلان کیا گیا ہے جن میں شہریوں کو متعلقہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ واٹس ایپ نمبر پر وڈیوز بھیجنے کے لیے کہا گیا ہے جو ایک اچھا اقدام ہے حکومت کی جانب سے جس میں شہریوں کو بھرپور حصہ لینا چاہئے۔اگر ہم اپنے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر صرف پاکستان کے لیے سوچیں تو کوئی طاقت ہمیں ترقی سے نہیں روک سکتی۔ یومِ آزادی ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ قربانی، محبت اور عزم کے ذریعے ہی ہم اس آزادی کی حفاظت کر سکتے ہیں جو ہمیں بڑی مشکل سے ملی ہے۔آئیے، اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم اپنے وطن کو ایمان، اتحاد اور قربانی کے سنہری اصولوں پر چلائیں گے اور پاکستان کو دنیا کے نقشے پر ایک مثالی، مضبوط اور خوشحال ملک بنا کر دکھائیں گے۔ یہی ہمارے شہداء، قائداعظم محمد علی جناح اور لاکھوں قربانیاں دینے والوں کا خواب تھا۔
