اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ مغرب میں اسلامو فوبیا بڑھتا چلا جا رہا ہے، اس بیماری کا علاج نہ کیا تو یہ بڑھتی جائے گی، یورپ میں چھوٹا سا طبقہ اسلام کے خلاف ہے، مسلم سربراہان مملکت کو ایک ہونا پڑے گا، حضرت محمد ﷺجیسا نہ کوئی آیا نہ آئے گا۔
قومی رحمت للعالمینؐ کانفرنس سے وزیراعظم عمران نے خطاب کرتے ہوئے کہا آپؐ کی کامیابیاں تاریخ کا حصہ ہیں، آپؐ کو دیکھ کر لوگ لیڈر بن گئے، ہمیں عوام بالخصوص نوجوانوں کو سیرت النبیؐ کے بارے میں آگاہی دینی ہے، اللہ تعالیٰ نے قرآن اور رسولؐ کے ذریعے ہمیں صحیح راہ دکھائی، اللہ تعالیٰ نے قرآن میں انسانیت کی بہتری کا پیغام دیا ہے، آپؐ کی باتیں انسانیت کی بہتری کیلئے تھیں، ساتویں سے نویں جماعت تک آپؐ سے متعلق مضمون شامل کریں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا او آئی سی اجلاس میں اسلامو فوبیا پر بات کی، او آئی سی کانفرنس میں کہا تھا مسلم ممالک کو مشترکہ کاوشیں کرنا ہوں گی، مغرب میں لوگ دین کی بہت کم تقلید کرتے ہیں، اہل مغرب مسلمانوں کی رسول کریمؐ سے عقیدت کی نزاکت کو نہیں سمجھتے، مغرب کے لوگوں کو نبی کریمؐ اور انبیاؑ سے ہمارے رشتے کاعلم نہیں، یورپ میں مہم چلی کہ مسلمان آزادی اظہار کےخلاف ہیں۔
عمران خان نے کہا ہولو کاسٹ یہودی کمیونٹی کو بہت تکلیف دیتا ہے، 4 ممالک میں ہولو کاسٹ سے متعلق بات کرنے پر جیل میں ڈال دیا جاتا ہے، یورپ میں ہولو کاسٹ کیخلاف بات کرنے کی کسی کی جرات نہیں۔