زغرب: یورپین ملک کروشیا میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ ریکٹر سکیل پر جھٹکوں کی شدت چھ اعشاریہ چار ریکارڈ کی گئی، عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق زلزلے کا مرکز 10 کلومیٹر زیر زمین تھا۔ زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ اس کے جھٹکے کروشیا کے ہمسایہ ممالک سلووینیا میں بھی محسوس کئے گئے، جہاں جوہری پلانٹ کو احتیاطی تدبیر کے طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ یہ کروشیا میں رواں ماہ آنے والا تیسرا زلزلہ ہے۔ اس سے قبل 12 دسمبر اور اس کے بعد گزشتہ روز بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔ گزشتہ روز آنے والے زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ دو ریکارڈ کی گئی تھی۔
زلزلے کی شدت اس قدر شدید تھی کہ لوگ اپنے گھروں سے نکل کر باہر آ گئے اور ان میں خوف وہراس پھیل گیا۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق زلزلے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
حالیہ زلزلے کے بارے میں حکام نے سرکاری ریڈیو پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ابتدائی طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاعات نہیں ہے تاہم زلزلے کی شدت کے باعث خدشہ ہے کہ نقصان ہو سکتا ہے۔
حکام کے مطابق صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کرکے ریسکیو اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ دور دراز علاقوں کی رپورٹس اکھٹی کرنے کی کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔