BBC Urdu TV

ہیوسٹن میں ’’پیس آف ہارٹ‘‘ پروگرام کا انعقاد، امیر عبدالقدیر اعوان کا خصوصی خطاب

ہیوسٹن میں ’’پیس آف ہارٹ‘‘ پروگرام کا انعقاد، امیر عبدالقدیر اعوان کا خصوصی خطاب

یکم نومبر 2026 کو ہیوسٹن، ٹیکساس کے کراچی ریسٹورنٹ میں ’’پیس آف ہارٹ‘‘ کے عنوان سے ایک خصوصی پروگرام منعقد ہوا۔ پروگرام کے مہمانِ خصوصی سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کے شیخ اور سقارہ ایجوکیشن سسٹم کے سرپرستِ اعلیٰ، امیر عبدالقدیر اعوان تھے۔ پروگرام کا اہتمام شہید فیض صاحب اور عاصم ذکریا صاحب نے کیا، جس میں کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ اختتام پر شرکاء کے لیے عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔

امیر عبدالقدیر اعوان نے اپنے خطاب میں ذکرِ الٰہی کی اہمیت، حقیقتِ زندگی اور اتباعِ رسول اللہ ﷺ کے موضوعات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا ذکر ہر حال میں ہونا چاہیے اور یہ صرف زبان سے تسبیح پڑھنے تک محدود نہیں بلکہ دل اور عمل سے بھی اللہ تعالیٰ کو یاد رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر انسان اپنی زندگی قرآن و سنت اور تعلیماتِ نبوی ﷺ کے مطابق گزارے تو اس کی روزمرہ زندگی کے تمام معمولات بھی عبادت بن سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کائنات کی ہر چیز ایک مقصد کے تحت تخلیق کی گئی ہے، لہٰذا انسان کی زندگی بھی بے مقصد نہیں ہو سکتی۔ انسان کو چاہیے کہ دنیاوی مصروفیات اور خواہشات میں اپنی آخرت کو فراموش نہ کرے، کیونکہ زندگی کا ہر لمحہ قیمتی ہے اور ہر شخص کو اپنے اعمال اور نیتوں کا حساب دینا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قرآنِ کریم کی تعلیمات کو دوسروں کے لیے نصیحت سمجھنے کے بجائے خود اپنے لیے رہنمائی کا ذریعہ بنایا جائے اور دوسروں کی خامیوں کے بجائے اپنی اصلاح اور محاسبۂ نفس پر توجہ دی جائے۔

امیر عبدالقدیر اعوان نے مزید کہا کہ رسولِ اکرم ﷺ سے حقیقی محبت کا تقاضا یہ ہے کہ آپ ﷺ کی تعلیمات کو اپنی سوچ، کردار، معاملات اور عملی زندگی میں اپنایا جائے۔ انہوں نے ذکرِ الٰہی کی تین صورتوں، یعنی عملی، لسانی اور قلبی ذکر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کے لیے اخلاص، دینی علم اور دل کی اصلاح و روحانی تربیت ضروری ہے۔

Exit mobile version