
گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار ویمن جہلم میں 75 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے سیمینار اور شجرکاری تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
جس میں ڈپٹی کمشنر کامران خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور کالج کے احاطہ میں طالبات کے ہمراہ پودے لگائے۔ تقریب کا آغاز تلاوت اور نعت خوانی سے کیا گیا۔ اس موقع پر کالج کی طالبات نے بھر پور جوش وجذبے کے ساتھ ملی نغمے پیش کیے۔ ڈپٹی کمشنر کامران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو محنت اور لگن سے نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہیے اور اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے، نوجوان نسل کے مثبت کردار سے ہی مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل وارمنگ ایک انتہائی گھمبیر مسئلہ ہے جس کی وجہ سے موسم میں بہت سی تغیراتی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں، موسم بہت گرم ہو چکا ہے اور سیلاب جیسی آفتیں آ رہی ہیں، ان سب مسائل کو کنٹرول کرنے کے لیے ہم سب کو مل کر شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پودے لگانے کے ساتھ انکی حفاظت کرنا ایک اہم ذمہ داری ہے تاکہ پودا درخت بن کر ہمیں پھل، پھول اور سایہ دے۔ تقریب کے اختتام پر یوم آزادی کیک کاٹا گیا اور ملک پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔