لیڈیز چلڈرن پارک کھاریاں کی تزئین وآرائش مکمل کر لی گئی ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت منصوبے کی تکمیل کے بعد ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے ڈی پی او عمر فاروق سلامت کے ہمراہ پارک کا افتتاح کیا،
چیف آفیسر خاور جاوید گجر، آفتا ب کرنسی ایکسچینج کے سی ای او آفتاب اشرف گوندل ھی اس موقع پر موجود تھے۔ اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں خالد عباس نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک کی تزئین و آرائش کے دوران یہاں بچوں کیلئے جھولے نصب کیے گئے ہیں، پارک کی دیواروں کو خوبصورتی سے پینٹ کیا گیا ہے جبکہ یہاں گھاس اور نئے پودے بھی لگائے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیڈیز اینڈ چلڈرن پارک کے منصوبے کی تکمیل کھاریاں کے شہریوں کا مطالبہ تھا جسے تحصیل و میونسپل ایڈمنسٹریشن نے شہریوں کے تعاون سے مکمل کر دیا گیا ہے، پراجیکٹ کے تکمیل سے کھاریاں کے عوام کو تفریح کی بہتر سہولیات میسر آسکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت ضلعی انتظامیہ موسم بہار کے دوران بھرپور شجرکاری مہم شروع کرنے جارہی ہے اسکے ساتھ تینوں تحصیلوں میں 15میاواکی(چھوٹے مصنوعی) جنگل لگانے کی بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جہاں حکومت اور انتظامیہ اپنا کردار اادا کررہی ہے وہیں ہر شہری کو بھی اپنا فرض ادا کرتے ہوئے شجرکاری میں حصہ ڈالنا چاہیے۔