
گجرات : ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے سول ہسپتال کوٹلہ ارب علی خاں میں مریضوں کو پرائیویٹ میڈیکل سٹورز سے ادویات کی خریداری اور ٹیسٹ پرائیویٹ لیب سے کروانے پر ایم ایس اور چائلڈ سپیشلسٹ سے وضاحت طلب کر لی، انہوں نے گراں فروشی پر کوٹلہ بازار کے دو تاجروں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا بھی حکم دے دیا،پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کوٹلہ ارب علی خاں کا دورہ کیا،انہوں نے سول ہسپتال کوٹلہ میں مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں اور ان کے لواحقین سے طبی سہولیات بارے میں دریافت کیا، ڈپٹی کمشنر کو مریضوں نے بتایا کہ چائلڈ سپیشلسٹ نے جو ادویات تجویز کی ہیں وہ ہسپتال سے دستیاب نہیں بلکہ پرائیویٹ میڈیکل سٹور سے خریدی ہیں، اسی طرح بلڈ ٹیسٹ بھی پرائیویٹ لیب سے کروانے کا کہا گیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سی ای او ہیلتھ کو ہدایت کی کہ ایم ایس اور متعلقہ ڈاکٹرسے وضاحت طلب کی جائے کہ انہوں نے مریضوں سے باہر سے ادویات کیوں منگوائیں نیز ہسپتال سے ٹیسٹ کیوں نہیں کئے گئے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹر مریضوں کو فارمیسی میں دستیاب ادویات کی فراہمی یقینی بنائیں،دوا کے نام کی بجائے اسالٹ تجویز کریں تاکہ شہری حکومت پنجاب کی طرف سے فراہم کردہ طبی سہولیات سے استفادہ کر سکیں۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بعد ازاں مین بازار کوٹلہ ارب علی خاں کا دورہ کیا،کورونا ایس او پیز پر علمدرآمد کا جائزہ لیا،ریٹ لسٹیں چیک کیں اور چینی مہنگے داموں فروخت کرنے اور ریٹ لسٹ نمایاں جگہ آویزاں کرنے کی بجائے بوری کے نیچے رکھنے پر دو تاجروں قیصر ولد نذیر سکنہ پہاڑے اور علی شان ولد مختار احمد سکنہ ککرالی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی، دونوں ملزمان کو ککرالی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے دیہی مرکز مال اور فیلڈ آفس کوٹلہ ارب علی خان کا بھی معائنہ کیا،فیلڈ آفس کا ریکارڈ چیک کیا نیز دیہی مرکز مال میں موجود شہریوں سے ملازمین کے رؤیہ اور سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات : حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق کسانوں کو باردانہ کے اجراء کا آغاز کر دیا گیا ہے، ضلع گجرات میں 1800روپے فی 40کلو گرام کے ریٹ پر 20ہزار میٹرک ٹن گندم خرید ی جائے گی جس کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، ان خیالا ت کا اظہار ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے مرکز خریداری گندم گجرات میں کسانوں میں باردانہ تقسیم کرنے کے موقع پرکیا، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نصراللہ ندیم، صدر کسان بورڈ گجرات چوہدری اشرف گوندل و دیگر افسران اور کسان بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا کہ گندم خریداری کے لئے ضلع گجرات میں پانچ مراکز قائم کئے گئے ہیں، گندم خریداری مرکز منگوال کے لیے خریداری کوٹہ 6 ہزار میٹرک ٹن، ڈنگہ 5 ہزار میٹرک ٹن جبکہ گجرات، جلالپور جٹاں اور لالہ موسیٰ کا کوٹہ تین تین ہزار میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق شفافیت یقینی بنانے اور کرونا وبا سے کسانوں کو محفوظ رکھنے کے لئے باردانہ کی درخواست آن لائن وصول کی جا رہی ہیں ضلع گجرات میں ابتک 486 سو سے زائد کسان باردانہ کے لیے رجسٹریشن کروا چکے ہیں، گندم کے معاوضہ کی ادائیگی کا نظام شفاف بنانے کیلئے کسانوں کو تمام ادائیگیاں انکے بنک اکاؤنٹس میں کی جائیں گی۔ضلعی صدر کسان چوہدری محمد اشرف نے مراکز خریداری گندم پر کسانوں کی سہولت کیلئے بہترین اقدامات پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد بزدار کی زیر قیادت حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو زبردست سراہا اور کہا کہ کسان بورڈ گندم کی سرکاری مراکز پر فروخت کیلئے کسانوں کی حوصلہ افزائی کریگا۔ دریں اثنا اے سی کھاریاں خالد عباس نے مرکز خریداری گندم لالہ موسیٰ میں کسانوں میں باردانہ تقسیم کیا
گجرات: (چوہدری فیصل گجر+چوہدری عادل پرویز)