
گجرات : ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے سرائے عالمگیر کا دورہ کیا اور کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت ضلع کے داخلی راستہ پر زیر تعمیر آرائشی مجسمہ( مانومنٹ)اور گرین بیلٹس پر جاری کام کا معائنہ کیا،
اسسٹنٹ کمشنر احسن ممتاز، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عظمت فرید نے منصوبہ کے حوالے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت زیر تعمیر مانومنٹ جہلم سے ضلع گجرات کی حدود میں داخلی مقام پر بنایا گیا ہے جہاں گجرات میں داخل ہونیوالوں کو خوش آمدید اور گجرات کی حدود سے راولپنڈی کیطرف جانیوالوں کو خدا حافظ کے الفاظ درج ہونگے،
آرائشی مجسمے(مانومنٹ (کے ساتھ گرین ایریا بھی بنایا گیا ہے جہاں شجرکاری کیساتھ خوبصورت لائٹنگ بھی کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرائے عالمگیر میں میڈین پر کام جاری ہے اسکے ساتھ میونسپل کمیٹی ٹف ٹائلز بھی لگا رہی ہے جبکہ تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں سٹریٹ لائٹس کا نظام بھی بہتر بنا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت سرائے عالمگیر شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے مثالی اقدامات پر اسسٹنٹ کمشنر احسن ممتاز، چیف آفیسر عظمت فرید، انکی ٹیم اور حکومت و انتظامیہ کی معاونت پر شہریوں کو زبردست سراہا ہے۔