
گجرات :ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے ساروکی اور نواحی علاقوں کا دورہ کیا،
علاقہ میں ترقیاتی منصوبوں پر جاری کام کا معائنہ کیا، انہوں نے زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے اور آلودگی کا باعث بننے والے بھٹہ خشت کو سیل، مالک پر 50ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جہانگیر بٹ، ایکسئین پبلک ہیلتھ بھی انکے ہمراہ تھے۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے موضع وھدرا اور بخت جمال میں پندرہ ملین روپے کی لاگت سے علاقہ میں آ ر سی سی گلیوں، نالیوں کی تعمیر، ٹف ٹائلز کی منصوبے پر کام اور میٹریل کی کوالٹی چیک کی اور تعمیراتی کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بعد ازاں ساروکی میں چوہدری محمود کے ملکیتی بھٹہ خشت کو چیک کیا جہاں زگ زیگ ٹیکنالوجی موجود تھی مگر مالکان اسے روایتی طریقے سے چلا کر بد ترین فضائی آلودگی کا باعث بن رہے تھے، فوری نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ بھٹہ خشت کو سیل کر دیا، مالکان پر پچاس ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا، بھٹہ خشت مالک آئندہ اسی صورت میں اسے چلا سکے گا جب وہ ایک لاکھ روپے زر ضمانت کا چیک متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں جمع کرائے گا،
آئندہ خلاف ورزی پر یہ رقم بطور جرمانہ ضبط کر لی جائے گی۔انہوں نے واضع کیا کہ آئندہ کسی بھی بھٹہ خشت کو روایتی ٹیکنالوجی پر چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے گا۔