کراچی: مسلم لیگ (ن) کے رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری اور رہائی کے معاملے پر آئی جی سندھ غیر معینہ مدت کیلئے رخصت پر چلے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ کراچی عمران منہاس بھی صورتحال سے دلبرداشتہ ہیں، انہوں نے دو ماہ کی چھٹی کی درخواست دیدی ہے۔
انہوں نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ تمام افسر کل سے صدمے میں ہیں، ایسے ماحول میں کام نہیں کر سکتا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کے دیگر کئی افسروں کے بھی رخصت پر جانے کا امکان ہے۔
ایڈیشنل آئی جی عمران یعقوب منہاس نے اپنی درخواست میں تحریر کیا ہے کہ سندھ پولیس کے کام میں بے جا مداخلت ہوئی ہے۔ پولیس افسران اور ملازمین اس واقعے سے دل برداشتہ اور افسردہ ہوئے ہیں، ان حالات میں مزید کام نہیں کر سکتا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد پولیس افسران کی بھی چھٹیوں پر جانے کیلئے درخواستیں تیار ہیں۔ ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب نے بھی چھٹیوں پر جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔