لاہور: کوٹ لکھپت جیل میں شہباز شریف سے عام قیدیوں والا سلوک ہوگا، اپوزیشن لیڈر بیرک نمبر دو میں رہیں گے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق شہباز شریف کو عام قیدیوں کی طرح رکھا جائے گا، بی کلاس منظور ہونے پر الگ کمرہ، بیڈ، ٹیبل لیمپ اور دیگر سہولیات ملیں گی، شہبازشریف کو پاکستان جیل خانہ جات رولز 1978 کے مطابق سہولیات ملیں گی۔
دوسری جانب احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں نیب کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے شہباز شریف کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر کوٹ لکھپت جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو عدالت میں پیش کیا گیا، لیگی رہنما نے کہا نیب کا سوال نامہ پرانا ہے، اس کا جواب دے چکا ہوں، میں 26 اکتوبر 2018 کو تمام چیزیں نیب کو دے چکا ہوں، نیب کے تفتیشی افسر حقائق کے برعکس باتیں کر رہے ہیں۔ تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ 2018 میں تحقیقات آشیانہ اور رمضان شوگر ملز میں مکمل کی تھیں۔