اسلام آباد: دنیا بھر کی طرح پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر میں آئے روز شدت آ رہی ہے۔ کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر اسلام آباد کے مزید 7 تعلیمی ادارے سیل کر دیئے گئے۔
وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں میں کورونا کے وار جاری ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے دو یا دو سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر اسلام آباد کے مزید 6 تعلیمی ادارے سیل کر دیئے، جن میں 3 نجی سکولز اور 4 سرکاری سکول شامل ہیں۔
ڈی ایچ او کی جانب سے فوری طور پر سکول بند کرنے کی ہدایت جاری کی ہے، ان سکولوں کو ابتدائی مرحلے میں 14 روز کے لئے سیل کیا گیا، سکولوں کی انتظامیہ کو اپنے اپنے اداروں میں جراثیم کش سپرے کرانے سمیت دیگر احتیاطی تدابیر اور انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 36 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 561 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 68 ہزار 665 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 738 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 12 ہزار 893، سندھ میں ایک لاکھ 59 ہزار 752، خیبر پختونخوا میں 43 ہزار 259، بلوچستان میں 16 ہزار 642، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 494، اسلام آباد میں 25 ہزار 719 جبکہ آزاد کشمیر میں 5 ہزار 806 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 50 لاکھ 98 ہزار 291 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 42 ہزار 909 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 27 ہزار 542 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 517 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 36 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 561 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 811، سندھ میں 2 ہزار 780، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 319، اسلام آباد میں 266، بلوچستان میں 158، گلگت بلتستان میں 93 اور آزاد کشمیر میں 134 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔