اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق اعدادو شمار کسی صورت نہ چھپائے جائیں۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وبا سے متعلق ڈیٹا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر جاری کرے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے صوبوں کو ڈیٹا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے شیئر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح ہدایت دی کہ کورونا وائرس سے متعلق اعدادوشمار کسی صورت نہ چھپائے جائیں۔ وبا سے متعلق کوئی بھی معلومات چھپانا قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہوگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الحمد للہ پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال پریشان کن نہیں، حکومتی اقدامات اور تمام اداروں کی محنت سے کنٹرول میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 14 اپریل تک اسی طرح کی پابندیاں جاری رکھی جائیں گی، اس کے بعد صورتحال کا جائزہ لے کر آئندہ کے فیصلے کریں گے۔