کراچی: چیئر مین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن کا کہنا ہے کہ وبائیں اللہ تعالیٰ کی طرف سے آتی ہیں تاکہ ہم توبہ کر سکیں، نماز با جماعت جاری رہے گی مشتبہ افراد مساجد میں نہ آئیں۔
گورنر ہاؤس کراچی میں مفتی تقی عثمانی اور علامہ شہنشاہ حسین نقوی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا کہنا تھا کہ طبی بنیاد پر حکومت روک نہیں سکتی، جماعت گھرکی خواتین کے ساتھ بھی ہوسکتی ہے، پچاس سال سے زائد اور بیمارمسجد نہ آئیں،ان کو جماعت کا ثواب ہوگا۔
مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ مسجدوں کے دروازوں پر سینیٹائیزرلگائے جائیں، جن لوگوں کو ڈاکٹرز نے منع کیاہے وہ گھروں پرنماز پڑھیں، نابالغ بچے نمازکے لئے مسجد نہ آئیں، انفرادی اور اجتماعی غلطیوں کی اللہ سے معافی مانگیں۔ نماز باجماعت جاری رہے گی۔
مفتی تقی عثمانی کا کہنا تھا کہ ملک میں کرونا وائرس کا مسئلہ اہمیت اختیار کر گیا ہے، دنیا میں وائرس نے تباہی مچادی ہے، کوئی بھی وبا اللہ کی مرضی سے آتی اوران کی مرضی سے جاتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ احتیاطی تدابیر نبیؐ کی سنت ہے، وبا میں حفاظتی طورپر محتاط نہ رہا جائے تو زیادہ لوگ متاثرہوتے ہیں، قرآن میں بتایا گیا ہے کہ مصیبتیں ہمارے اعمال کی وجہ سے آتی ہیں۔
مفتی تقی عثمانی کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے مختلف طریقے اختیارکئے جو سبب بنے، توبہ استغفارکے بغیر چھٹکارہ مشکل ہے، عریانی، ناانصافی، منافع خوری، سودخوری، زنا ودیگرگناہوں پرمعافی مانگی جائے، اگرایسا نہ کیا گیا تو بچنا مشکل ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مسجدوں میں نماز کے متعلق غلط فہمی پیداہوگئی ہے، تمام مکاتب فکرکے علماء کی مشاورت سے لائحہ عمل تیار کیا ہے، جید علماء رفیع عثمانی، مفتی عبدالرحیم سمیت کئی علماء نے اتفاق کیا ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران آخر میں چیئر مین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن نے دعا بھی کرائی۔