کورونا سے بچاؤ: پنجاب میں لاک ڈاؤن، غیر ضروری گھروں سے نکلنے پر پابندی
لاہور: سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن ہوگیا، بازار، شاپنگ مال، ریسٹورنٹس نجی و سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔
صوبے میں لاک ڈاؤن کا آغاز صبح 9 بجے ہوا جس کے دوران اندرون شہر اور ایک سے دوسرے شہر میں نقل و حمل ممنوع ہے۔ سماجی، مذہبی اور دیگر اجتماعات پر بھی پابندی ہو گی، شہر کی چھوٹی بڑی مارکیٹیں بند ہیں۔
پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند ہے، میٹر و سروس بھی تاحکم ثانی بند ہے، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہے۔ لاک ڈاؤن 7 اپریل صبح 9 بجے تک جاری رہے گا۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن کا آج دوسرا روز ہے، تمام شہروں میں بازار اور مارکیٹیں بند ہیں، نقل و حمل پر پابند ی ہے۔
بلوچستان میں بھی آج سے 7 اپریل تک مکمل لاک ڈاؤن رہے گا۔ محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں ہر قسم کی غیر ضروری نقل و حمل اور گھر سے نکلنے پر پابندی ہوگی، موؕٹر سائیکل کی ڈبل سوری پر بھی پابندی لگانے پر غور کیا جائے گا۔
خیبرپختونخوا میں بھی آج بازار، مارکیٹیں اور پبلک ٹرانسپورٹ بند ہے، حکام نے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایات جاری کی ہے۔
چاروں صوبوں میں لاک ڈاؤن کے بعد اب ملک بھر میں فوج تعینات کر دی گئی۔ وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے سول انتظامیہ کی جانب سے درخواست موصول ہوئی تھی جس کے بعد سول انتظامیہ کی مدد کے لیے پاک فوج کے دستے تعینات کیے گئے ہیں۔
پاک فوج کے دستے اسلام آباد، پنجاب، سندھ، خیبر پختو نخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے سول انتظامیہ کی مدد کریں گے۔