جان لیوا کرونا وائرس دنیا کے 155 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔ چوبیس گھنٹوں میں وائرس سے 245 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 5 ہزار 929 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
ایران میں کرونا وائرس سے مزید 113 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد 13 ہزار 938 ہو گئی ہے۔ سپین میں 95 افراد کی وائرس سے اموات ہوئی جبکہ ایک ہزار 362 نئے کیسز سامنے آئے۔
چین میں مزید دس افراد وائرس سے ہلاک، نیدرلینڈ میں 8، امریکا، جنوبی کوریا، اور فلپائن میں 3، 3، جاپان، آسٹریلیا میں 2،2، جرمنی، سوٹزرلینڈ، ڈنمارک، یونان اور الجزائر میں 1،1 نئی اموات رپورٹ ہوئیں۔
انڈیا میں 8 نئے مریض رپورٹ ہونے کے بعد مبتلا افراد کی تعداد 108 ہوگئی۔ افغانستان میں 5 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد متاثرین 16 ہو گئے۔
ادھر فلسطین میں کرونا وائرس کے باعث مسجد الاقصیٰ کو بند کر دیا گیا ہے۔ مصر نے تعلیمی اداروں کو دو ہفتوں کے لئے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
برطانیہ نے آئندہ ہفتوں میں 70 سال سے بڑی عمر کے افراد کو 4 ماہ تک قرنطینہ میں رکھنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ آسٹریلیا نے پانچ افراد سے زائد کے اجتماع پر پابندی عائد کر دی ہے۔
فرانس نے ٹرینوں، بسوں اور ہوائی جہازوں پر سفر کرنے پر پابندی لگانے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ چین نے بیجنگ آنے والے تمام غیر ملکی مسافروں کو لازمی قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جو بھی غیر ملکی مسافر چین آئے گا اسے حکومت کے بنائے قرنطینہ میں کچھ وقت گزارنا ہوگا۔ ادھر انڈونیشا کے صدر نے بھی کرونا وائرس ٹیسٹ کروانے کا اعلان کر دیا ہے۔