سندھ

کراچی یونیورسٹی ڈیبیٹنگ سوسائٹی کے طلباء سے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی ملاقات

*کراچی یونیورسٹی ڈیبیٹنگ سوسائٹی کے طلباء سے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی ملاقات*

*مباحثے اور مکالمے کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے طلباء سوسائٹیز کا قیام ناگزیر ہے۔ڈاکٹر خالد محمود عراقی*

کراچی (رپورٹ جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ قوموں کے عروج و زوال میں تعلیم کی کلیدی حیثیت ہے جن اقوام نے تعلیم کو اپنی ترجیحات میں شامل اور اس پر سرمایہ کاری کی وہ آج ترقی کی بام عروج پر پہنچ چکی ہیں۔ مباحثے اور مکالمے کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے طلباء سوسائٹیز کا قیام ناگزیر ہوتا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ جامعہ کراچی اس پر عمل پیرا ہے۔ مباحثے اور مباحثے جیسے مقابلوں سے انسان کو اعتماد ملتا ہے، اس کی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے اور شخصیت کو نکھارنے میں بہت مدد ملتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی یونیورسٹی ڈیبیٹنگ سوسائٹی کے طلبا و طالبات سے وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں دوران ملاقات خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کراچی یونیورسٹی ڈیبیٹنگ سوسائٹی کے طلباء نے حال ہی میں منعقدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو یونیورسٹی، لیاری کی ماڈل یونائیٹڈ نیشنز کانفرنس میں زیادہ سے زیادہ کیٹیگریز جیتنے کے بعد ‘بہترین وفد’ کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
ڈاکٹر خالد عراقی نے مزید کہا کہ جامعہ کراچی طلبا و طالبات کو اپنی صلاحیتیں بروئے کارلانے کے بھر پور مواقع فراہم کرتی ہے تاکہ جامعہ میں زیر تعلیم طلبہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھرپورحصہ لے سکیں۔ انہوں نے کراچی یونیورسٹی ڈیبیٹنگ سوسائٹی کی سال بھر میں ملک بھر میں کارکردگی اور فتوحات کو بھی سراہا۔
اس موقع پر مشیر امور طلبہ جامعہ کراچی ڈاکٹر نوشین رضا نے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کو بتایا کہ حال ہی میں منعقدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو یونیورسٹی، لیاری کی ماڈل یونائیٹڈ نیشنز کانفرنس کے دوران کراچی یونیورسٹی ڈیبیٹنگ سوسائٹی نے چھ کمیٹیوں جن میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، خصوصی سیاسی اور ڈی کالونائزیشن کمیٹی، سماجی، انسانی، اور ثقافتی کمیٹی، تخفیف اسلحہ اور بین الاقوامی سلامتی کمیٹی، اکنامک اینڈ فنانشل کمیٹی اور پاکستان نیشنل اسمبلی شامل ہیں جس میں ملک بھر کی مختلف یونیورسٹیوں بشمول بحریہ یونیورسٹی، نمل یونیورسٹی، مہران یونیورسٹی اور بہت سے دوسرے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ اسکولوں اور کالجوں کے طلبا و طالبات نے بھی اس میں حصہ لیا۔
ڈاکٹر نوشین نے بتایا کہ کراچی یونیورسٹی ڈیبیٹنگ سوسائٹی جامعہ کراچی کی سات آفیشل اسٹوڈنٹس سوسائٹیز میں سے ایک ہے، جو طلبہ کو ملک بھر میں مختلف سرٹیفائیڈ پروگرامز اور ایونٹس میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔ ماڈل یو این کانفرنسز اقوام متحدہ کی طرز پر بحث و مباحثے کے ذریعے، مختلف عالمی مسائل کا حل تلاش کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔
ڈاکٹر نوشین نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی کو بتایا گیا کہ جامعہ کراچی کے سولہ مندوبین میں سے دس نے فتح کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ اب تک کراچی یونیورسٹی ڈیبیٹنگ سوسائٹی چاربہترین وفد کے ایوارڈ اپنے نام کرچکی ہے۔
شہید محترمہ بینظیر بھٹو یونیورسٹی، لیاری کی ماڈل یونائیٹڈ نیشنز کانفرنس سنہ دو ہزار چوبیس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء میں شعبہ جرمیات کے شاہد حسین، حسن رضا، ملک وسیم اور نمرہ بی بی جبکہ شعبہ بین الاقوامی تعلقات سے کائنات فاروق، احد ولی، مریم، زہرہ عمران، طفیل عباس، فلزہ یونس، محمد حمزہ، علیشا رحمان، حمیرا جاوید، اریبہ نعیم، حفصہ فریدون، اور عمائمہ اعجاز شامل ہیں۔
ڈاکٹر نوشین رضا نے بتایا کہ کراچی یونیورسٹی ڈیبیٹنگ سوسائٹی نے مجموعی طور پر بارہ ٹیم ٹرافیاں حاصل کیں، اکیس پہلی پوزیشنیں، سولہ بار دوسری پوزیشن، چار مرتبہ تیسری پوزیشن حاصل کی اور بہترین وفد کا اعزاز حاصل کیا۔ اس کے علاوہ ملک گیر مقابلوں میں بائیس دیگر ایوارڈز بھی حاصل کئے۔
اس موقع پر رئیس کلیہ فنون و سماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم، رئیس کلیہ علوم پروفیسر ڈاکٹر مسرت جہاں یوسف، رئیس کلیہ علم الادویہ پروفیسر ڈاکٹر محمد حارث شعیب، رئیس کلیہ معارف اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی، اسٹوڈنٹس ایڈوائزری کونسل کے ممبران اور دیگر بھی موجود تھے۔

Mehr Asif

Chief Editor Contact : +92 300 5441090

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

I am Watching You