کراچی یونیورسٹی میڈیکل سینٹر میں فزیکل تھراپی سینٹر اور فٹنس جم کا افتتاح
*کراچی یونیورسٹی میڈیکل سینٹر میں فزیکل تھراپی سینٹر اور فٹنس جم کا افتتاح*
*صحت ایک بہت بڑی نعمت ہے، لیکن ہمارے معاشرے میں اس نعمت کی قدر نہیں کی جاتی۔ ڈاکٹر خالد عراقی*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں فزیوتھراپی کے شعبے کو بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے تاہم اب پاکستان میں بھی فزیوتھراپی کے شعبے کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جو خوش آئند ہے۔فزیوتھراپی کے حوالے سے لوگوں کو جتنی زیادہ آگاہی ہوگی، اس شعبے اور خود مریضوں کیلئے اتنا ہی زیادہ فائدہ ہوگا۔ اس سینٹر کے قیام سے نہ صرف جامعہ کراچی کے ملازمین استفادہ کریں گے بلکہ ڈاکٹر فزیکل تھراپی میں زیر تعلیم طلباوطلبات کو بھی عملی طور پر کام کرنے اور سیکھنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ صحت مند رہنے کے لئے صحتمندانہ سرگرمیاں ناگزیر ہوتی ہیں، ہمیں اپنی صحت کا خیال رکھنے اور اس کے لئے کچھ وقت نکالنے کی ضرورت ہے۔صحت ایک بہت بڑی نعمت ہے، لیکن ہمارے معاشرے میں اس نعمت کی قدر نہیں کی جاتی جو لمحہ فکریہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی یونیورسٹی میڈیکل سینٹر میں فزیکل تھراپی سینٹر اور فٹنس جم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں فزیکل تھراپی سینٹر اور فٹنس جم کا افتتاح جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کیا۔
چیئرمین ہیلتھ فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس سائنسز اینڈ ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی پروگرام پروفیسر ڈاکٹر باسط انصاری نے کہا کہ فزیوتھراپی صحت کی دیکھ بھال کا ایک ڈسپلن ہے، فزیوتھراپی ہڈیوں، جوڑوں اور پٹھوں کی تکلیف، سوزش، چوٹ اور آپریشن کے بعد اعضا کی بحالی کے لئے بہت اہمیت کی حامل ہے۔ نیوروسرجری، پھیپھڑوں، دل کی سرجری اور کئی اعصابی و دماغی بیماریوں کے علاج کے لئے بھی فزیوتھراپی کی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فزیوتھراپی کے لئے جو بنیادی چیزیں درکار ہیں وہ سب اس سینٹر میں موجود ہیں اور اس میں بالترتیب اضافہ کیا جائیگا۔مذکورہ سینٹر میں فی الحال چھ یونٹ ہیں جس سے بیک وقت چھ افراد کو فزیوتھراپی کی سہولت فراہم کی جاسکتی ہے۔ اس موقع پر جامعہ کراچی کی سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر وفا الطاف، میڈیکل آفیسر ڈاکٹر اکمل وحید، ڈاکٹر حسان اوج، مختلف شعبہ جات کے صدور، اساتذہ و افسران بھی موجود تھے۔