BBC Urdu TV

کراچی پریس کلب کے ممبران کی ہاؤسنگ کالونی

*کراچی پریس کلب کے ممبران کی ہاؤسنگ کالونی*

*تحریر: جاوید صدیقی، جرنلسٹ کراچی*

کراچی پریس کلب کے ممبران کے لیے صدرِ مملکت جناب آصف علی زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی جناب بلاول بھٹو زرداری اور سندھ حکومت کی جانب سے صحافیوں کی فلاح و بہبود اور رہائشی سہولیات کے لیے جو اقدامات اور تعاون سامنے آیا ہے، وہ قابلِ قدر ہے۔ صحافت اور صحافیوں کے مسائل کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کا طویل عرصے سے ایک نرم گوشہ اور تعاون کا رویہ رہا ہے، جسے کراچی پریس کلب کے اراکین قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ سندھ کے وزیراعلیٰ جناب سید مراد علی شاہ، سینئر وزیر جناب شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر بلدیات جناب سید ناصر حسین شاہ اور جناب سعید غنی کی جانب سے صحافیوں کی رہائشی کالونیوں کے معاملات میں توجہ اور کوششیں بھی قابلِ ذکر ہیں۔ بالخصوص نئے ممبران کے لیے دیہہ مندرہ، اسکیم 42، لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت زمین کی فراہمی اور حال ہی میں پلاٹوں کی نمبرنگ و الاٹمنٹ کے لیے قرعہ اندازی ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات جناب ناصر حسین شاہ کی موجودگی نے بھی اس عمل کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ جس طرح زمین کی فراہمی اور الاٹمنٹ کا مرحلہ آگے بڑھا ہے، اسی رفتار سے لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دیگر محکمہ جاتی اور ترقیاتی امور بھی مکمل کیے جائیں۔ آج کا دور جدید کمپیوٹرائزڈ نظام، جدید مشینری، ڈیجیٹل ریکارڈ اور تیز رفتار انتظامی طریقۂ کار کا دور ہے۔ اگر ادارہ جاتی امور کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تو طویل عرصے میں مکمل ہونے والے متعدد کام مختصر مدت میں پایۂ تکمیل تک پہنچ سکتے ہیں۔ کراچی پریس کلب کے سابق اور موجودہ اراکین کی ہاؤسنگ کالونیاں صرف پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا نام نہیں، بلکہ یہ صحافی برادری کے لیے ایک مستقل رہائشی سہولت اور ان کے خاندانوں کے مستقبل سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہاؤسنگ کالونی میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی ترجیح دی جائے، جن میں پانی، بجلی، سڑکیں، شاہراہیں، نکاسیٔ آب، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر ضروری شہری سہولیات شامل ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ سندھ حکومت، لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور متعلقہ ادارے اس منصوبے کو محض ایک ہاؤسنگ کالونی نہیں بلکہ صحافی برادری کے لیے ایک مثالی رہائشی منصوبہ بنانے کے لیے مربوط اور تیز رفتار اقدامات کریں گے۔ اگر ادارہ جاتی معاملات میں رفتار، شفافیت اور جدید ٹیکنالوجی کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جائے تو ان شاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب کراچی پریس کلب کے صحافی اپنی ہاؤسنگ کالونی کو مکمل بنیادی سہولیات کے ساتھ آباد دیکھ سکیں گے۔ ہم کراچی پریس کلب کے جملہ اراکین کی جانب سے صدرِ مملکت جناب آصف علی زرداری، چیئرمین جناب بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ جناب سید مراد علی شاہ، سینئر وزیر جناب شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر بلدیات جناب سید ناصر حسین شاہ اور جناب سعید غنی کے تعاون اور توجہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ اس منصوبے کی تکمیل کے لیے ادارہ جاتی عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔ شکریہ جناب آصف علی زرداری صاحب، شکریہ جناب بلاول بھٹو زرداری صاحب، شکریہ جناب سید مراد علی شاہ صاحب، شکریہ جناب شرجیل انعام میمن صاحب، شکریہ جناب سید ناصر حسین شاہ صاحب، شکریہ جناب سعید غنی صاحب ۔۔۔!!

Exit mobile version