*کراچی پریس کلب کا سالانہ میگا ایونٹ فیملی فن گالا 30 نومبر بروز ہفتہ کو منعقد ہوگا*
*فیملی فن گالہ 2024 کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہیں، سعید سربازی/ شعیب احمد*
کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) کراچی پریس کلب کا سالانہ میگا ایونٹ فیملی فن گالا تیس نومبر بروز ہفتہ کراچی پریس کلب میں منعقد ہوگا۔ فیملی فن گالہ سنہ دو ہزار چوبیس عیسوی کے انتظامات کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں جبکہ ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلئے آرگنائزنگ کمیٹی سمیت مختلف امور کی نگرانی کیلئے کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی نے کہا کہ کلب کے ممبران اور انکے اہل خانہ کیلئے تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد ہماری روایت رہی ہے۔ اپنی ان روایات کو برقرار رکھنے کیلئے کراچی پریس کلب کا سالانہ میگا فیملی گالہ کراچی پریس کلب میں منعقد ہوگا۔ فیملی گالا کی تیاریوں کے سلسلے میں گزشتہ شب پریس کلب میں والنٹیرز کا اجلاس ہوا۔ اجلاس سے سیکرٹری پریس کلب شعیب احمد، جوائنٹ سیکرٹری محمد منصف، سینئر صحافی احمد حسن، اے ایچ خانزادہ، حامد الرحمن، سید نبیل اختر، لیاقت علی خان، امتیاز خان فاران، عامر لطیف اور ارمان صابر سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر تمام کمیٹیوں کے ممبران کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔ سیکرٹری شعیب احمد نے کہا کہ دی ڈیموکریٹس پینل کی اپنے ممبران کیلئے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں، موجودہ باڈی نے اپنے ممبران کو صحت کی جدید سہولیت کی فراہمی کیلئے کام کیا ہے۔ مختلف اسپتالوں اور لیبارٹریز کے ساتھ ایم او یوز پر دستخط کئے گئے جبکہ کلب میں ڈینٹل کلینک کے قیام کیساتھ جناح اسپتال میں بھی صحافیوں کیلئے خصوصی ڈیسک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال بھی کلب کے ممبران کی ہاؤسنگ اسکیموں کے مسائل حل کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں جبکہ نئے ممبران کے پلاٹس کیلئے تمام امور حتمی مراحل میں داخل ہوگئے ہیں۔ فن گالا کے حوالے سے سیکرٹری کراچی پریس کلب نے کہا کہ ایسے پروگرامز سے کلب کے ممبران کو صحت مندانہ سرگرمیاں میسر آتی ہیں۔ صحافیوں سمیت معاشرے کے ہر فرد کیلئے اس طرح کی سرگرمیاں بہت ضروری ہیں۔ ایسی سر گرمیوں کے صحت اور ذہن پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دن بارہ بجے سے رات گئے تک جاری رہنے والے اس فیملی فن گالا میں بچوں کیلئے تفریحی، خواتین اور بچوں کیلئے مختلف کھیل، میڈیکل کیمپ کی سہولیات کیساتھ مختلف سرگرمیاں ہونگی۔ انہوں نے بتایا کہ فیملی گالا میں فوڈ اسٹریٹ، پلے لینڈ، مہندی اسٹال، میجک شو، کوئز، لکی ڈرا، انٹرٹینمنٹ، بچوں کیلئے خصوصی طور پر فیس پینٹنگ، جمپنگ کیسل، سلائیڈنگ، اسپورٹس کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائیگا جبکہ خواتین کیلئے جیولری اسٹال، چوڑیاں کا اسٹال، میوزیکل چیئر کا مقابلہ، فری گفٹ آئٹمز کے علاوہ مختلف دلچسپ سرگرمیوں پر مشتمل اسٹالز لگائے جائیں گے۔
