کراچی پریس کلب الیکشن ، برائے 2024، دی ڈیموکریٹس پینل کا 14 ویں مرتبہ کلین سویپ

کراچی پریس کلب الیکشن ، برائے 2024، دی ڈیموکریٹس پینل کا 14 ویں مرتبہ کلین سویپ
دی ڈیموکریٹس پینل کے سعید سربازی 845 ووٹ لیکر صدر جبکہ سیکریٹری کے عہدے پر شعیب احمد 843 ووٹ لیکر منتخب ہوگئے
کراچی (نمائندہ خصوصی : جاوید صدیقی) کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات برائے 2024 میں دی ڈیموکریٹس پینل نے آزاد پینل اور دی جرنلسٹ پینل کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ دی ڈیموکریٹس پینل نے مسلسل 14 ویں مرتبہ کلین سویپ کیا ہے ، ہفتہ 30 دسمبر کی صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ہونے والی پولنگ میں انتہائی جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ پریس کلب کے ممبران کی ایک بڑی تعداد نے انتخابی عمل میں حصہ لیا۔ الیکشن کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر توصیف احمد خان نے کراچی پریس کلب میں نتائج کا اعلان کیا۔ نتائج کے مطابق صدر کے عہدے پر دی ڈیموکریٹس پینل کے سعید سربازی 845 ووٹ لیکر منتخب ہوئے جبکہ ان کے مد مقابل آفتاب حسین نے 110 ووٹ حاصل کئے۔ جبکہ سیکریٹری کے عہدے پر شعیب احمد نے 843 ووٹ لیکر منتخب ہوئے جبکہ ان کے مد مقابل عارف خان نے 96 ووٹ حاصل کئے۔ نائب صدر کے عہدے پر عبدالرشید میمن نے 758 ووٹ، خازن کے عہدے پر احتشام سعید قریشی نے 806 ووٹ اور جوائنٹ سیکریٹری کے عہدے پر محمد منصف نے 726 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی۔ گورننگ باڈی کی 7 نشستوں پر شمس کیریو، موناصدیقی، شازیہ حسن’ نواب قریشی’ شعیب احمد’ رانا جاوید اور نور محمد کلہوڑو کامیاب قرار پائے۔ پولنگ کا آغاز صبح 9 بجے ہوا جو بلا کسی وقفہ کے شام 5 بجے تک جاری رہا۔ انتخابات دی ڈیموکریٹس ‘ آزاد پینل اور دی جرنلسٹ پینل کے امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا۔ پریس کلب کے انتخابات میں 1503 رجسٹرڈ ممبران ووٹرز میں سے 979 ممبران نے اپنے حق رائے دہی استعمال کیا۔ پریس کلب کے انتخابات کے موقع پر گہما گہمی دیکھنے میں آئی اور تینوں پینلز کے امیدواروں اور ان کے حامیوں نے دن بھر میں بھرپور انداز میں اپنے اپنے امیدواروں کے حق میں ووٹ حاصل کرنے کے لئے مہم جاری رکھی۔