کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان کے صوبہ غزنی میں قائم ایک ملٹری بیس میں خود کش حملہ ہوا ہے۔ خود کش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا جس سے لگ بھگ 30 فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
خود کش حملے سے قبل فائرنگ کی اطلاع بھی ہے۔ دہشتگردی واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ زخمیوں اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔
ادھر صوبہ زابل کے شہر قلات میں بھی ایک خود کش حملہ ہوا جس میں ایک شخص ہلاک جبکہ 20 زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حملے کا اصل ہدف زابل کی صوبائی کونسل کے سربراہ عطا جان حقبیان تھے۔ ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، ان کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
یہ حملے ایسے وقت پر کئے گئے جب حکومت اور طالبان دہائیوں سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے امن مذاکرات میں مصروف ہیں۔ ابھی تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔