پاکستانی افواج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ترجمان کی پیر کو ہونے والی پریس کانفرنس کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے پی ڈی ایم کے ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے راولپنڈی آنے کے پلان پر ڈی جی آئی ایس پی آر سے جب سوال پوچھا گیا کہ وہ کہتے ہیں کہ جی ایچ کیو کے سامنے دھرنا دیں گے تو انھوں نے جواب دیا کہ وہ آئیں ہم چائے پانی پلائیں گے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’میں ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ خود تو پاپا جونز کے پیزے کھائیں اور ہمیں چائے پانی پر ٹرخائیں، یہ تو پھر زیادتی ہے، یہ مہمانداری پھر نھیں ہے۔‘
مولانا فضل الرحمان پیر کی شام ملاکنڈ کے مقام بٹ خیلہ میں حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’کہا گیا کہ نیب کے سامنے مولانا فضل الرحمان کو سرنڈر کرنا ہو گا، میں نے کہا سرنڈر ہونا مولانا فضل الرحمان کا کام نہیں وہ جنرل نیازی کا کام ہے۔‘
آنے والے وقتوں میں آئین کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں، صوبوں کے عوام کے حقوق کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں اور اس قوم کی ملکیت کے خلاف، اس پر قبضہ کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔