
ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اختر نے ڈی پی او شاکر حسین داوڑ، ممبر صوبائی اسمبلی راجہ یاور کمال
اور کرنل آصف کے ہمراہ ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے نمائندہ علماء کرام مشائخ عظام اور ضلعی امن کمیٹی کے جملہ اراکین کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اختر نےکہا کہ کورونا وائرس کی موجودہ خطرناک صورتحال کے پیش نظر رمضان المبارک میں تمام مساجد/امام بارگاہوں میں علماء کرام کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدآمد کو سختی سے یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کر کہ اپنی اور اپنے پیاروں کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، عوام کی جان ومال کی حفاظت ریاست کی اولین ترجیح ہے اور ہمیں اپنی عوام کی جان ومال بہت زیادہ قیمتی ہے جس کے لیے کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو کورونا وائرس ایس او پیز عملدرآمد کرنا چاہیے اور عوام تک آگاہی کے لئے اپنے دائرہ کار کے اندر سب لوگوں تک اپنا پیغام پہنچانا چاہیے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ زور زبردستی دکانیں بند کروانا ہمارا مقصد نہیں ہے بلکہ تاجران کو خود چاہیے کہ وہ کورونا وائرس ایس او پیز پر خود بھی عملدرآمد کریں اور آنے والے گاہکوں کو بھی عملدرآمد کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینہ میں زیادہ سے زیادہ بر کتیں سمیٹنا ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے اور یہ صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب ہم صحتمند ہوں گے۔ نمازیوں میں تین فٹ کا سماجی فاصلہ یقینی بنائیں۔ تمام ممبران کمیٹی نے ضلعی انتظامیہ کو کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی۔
رپورٹ:چوہدری عابد حسین بیورو چیف جہلم