راولپنڈی: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ درپیش چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے بہترین تیاری ضروری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سکردو اور گلگت کا دورہ کیا۔ سکردو پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو کنٹرول لائن پر تعینات افسروں اور جوانوں کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ گلگت کے دورے کے دوران آرمی چیف نے جدید ترین سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کیا اور ان کی کوششوں کو سراہا۔
#COAS visited Skardu and Gilgit today. On arrival at Skardu, COAS was briefed on latest situation and operational preparations of FCNA troops deployed along #LOC. Interacting with officers and men, COAS appreciated their high morale, operational readiness (1/4) pic.twitter.com/Y4aKjtJYks
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) October 6, 2020
میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک سپیشل کمیونیکشن آرگنائزیشن نے بنایا ہے۔ پارک انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں جدید ریسرچ کے لیے معاون ثابت ہو گا، علاقہ میں سائبر انڈسٹری کی ترقی کے حوالے سے پراجیکٹ اہم کردار ادا کرے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل کے مطابق سافٹ ویئر پارک دفاعی کمیونیکیشن کے شعبہ میں نوجوانوں کی صلاحیت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے خراب موسمی حالات کے باجود افسروں اور جوانوں کے بلند جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے دور دراز کے علاقوں میں سافٹ ویئر پارک ڈیجیٹلائزیشن کی جانب ایک حوصلہ مند قدم ہے۔
پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ درپیش چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے بہترین تیاری ضروری ہے۔