چونیاں: سانحہ چونیاں کے ایک سال بعد بھی علاقہ غیر محفوظ، پولیو کے قطرے پلانے کے بہانے گزشتہ چار روز میں 3 شیر خوار بچوں کو اغوا کر لیا گیا۔
اغوا کے یہ واقعات سرکل تھانہ الہ آباد اور کنگن پور میں پیش آئے۔ ڈی پی او قصور نے تینوں بچوں کی بازیابی کیلئے آٹھ ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اغوا ہونے والے بچوں کی عمریں بیس دن، چھ دن اور سولہ دن ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ نامعلوم اغوا کاروں میں ایک عورت اور ایک مرد شامل ہے جو پولیو قطرے پلانے کے بہانے گھروں میں داخل ہوتے ہیں اور بچوں کو اغوا کرکے لے جاتے ہیں۔
پولیس نے تینوں بچوں کے اغوا ہونے کے الگ الگ مقدمات درج کر لئے ہیں۔ شیر خواروں کے اغوا پر پولیس کی جانب سے دیہاتوں میں اشتہارات اور مساجد میں اعلانات کروائے جا رہے ہیں۔
ڈی پی او قصور زاہد نواز کے مطابق بچوں کی بازیابی کے لیے تین ڈی ایس پیز، آٹھ انسپکٹر سمیت سو کے قریب اہلکاروں کی آٹھ کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علاقہ کی جیو فینسنگ بھی کی جا رہی ہے۔
ادھر اغوا ہونے والے بچوں کے والدین، عوامی وسماجی حلقوں، امن کمیٹی، سول سوسائٹی کے اراکین اور علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، آر پی او شیخوپورہ ریجن سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے