سیالکوٹ: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو چکا، ان کی اصل منزل جیل ہے، تیرہ دسمبر کا شو فلاپ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی انتشار پھیلانے والے پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔ جلسوں سے عوام کی زندگیاں داؤ پر لگائی جا رہی ہیں۔ فردوس عاشق اعوان کا میڈٰیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ عمران خان نے معاشی محاذ پر کامیابیاں شروع کی ہیں۔ حکومت کی شفاف اور منظم معاشی پالیسیوں کا ثمرآنے لگا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن ہو یا پی ڈی ایم معاشی محاذ پر مقابلہ کریں گے۔ اپوزیشن کوچت کرنے کے لیے معاشی محاذ کے انڈی کیٹرز خود بولیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام دوبارہ پی ڈی ایم جیسی جماعتوں کے ہاتھوں بیوقوف نہیں بنیں گے، ان کی اصل منزل جیل ہے۔ اپوزیشن معیشت کو ڈی ریل کرنے کی سازشوں کا حصہ نہ بنے۔ اپوزیشن کا مینار پاکستان کا جلسہ ان کے تابوت میں آخری کیل ہوگا۔ پی ڈی ایم کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت پٹڑی پر رواں دواں ہے، اپوزیشن اس کو نہ اکھاڑے اور ہوش کے ناخن لے۔ ہم نے اپوزیشن کو چاروں شانے چت کرنا ہے۔ معاشی استحکام کا سلسلہ جاری رہے گا۔
معاون خصوصی نے کہا کہ اب معاشی محاذ پر دنیا پاکستان کی پالیسیوں کو سراہتی ہے۔ معاشی پالیسیوں کا اب ثمر آنا شروع ہو گیا ہے لیکن کچھ لوگ انتشار پھیلا کر پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔