کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے ٹائیگر فورس کی حیثیت کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی مرکزی ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری پلوشہ خان کہتی ہیں کہ وفاقی کابینہ اپوزیشن کے جلسوں کے بجائے عوام کے مسائل ڈسکس کرے۔
کراچی پریس کلب میں میڈٰیا سے گفتگو کرتے ہوئے پلوشہ خان نے کہا کہ ادویات مہنگی اور لوگوں کی قوت خرید سے باہر ہیں۔ ٹائیگر فورس لالی پوپ ہے۔ یہ بھتہ خوروں کی فوج جب چاہے گی کسی کے گھر میں داخل ہو جائے گی۔
پلوشہ خان کا کہنا تھا کہ یہ ماورائے قانون اور آئین کے خلاف ہے، جو ہمیں قبول نہیں، اسے چیلنج کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس چیز کا وفاقی کابینہ میں شور ہو تو سمجھیں ان کو خوف اور بوکھلاہٹ ہے۔ وفاقی کابینہ میں عوام کے مسائل اٹھانے کے بجائے اپوزیشن کے جلسے پر بات ہوتی ہے۔