اسلام آباد: (راجہ فیصل کیانی) ملک کے بڑے شہروں کی طرح چھوٹے شہروں میں بھی یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا۔ کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اسلام آباد، لاہور، کراچی سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔
پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے پلوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی۔ 10 بجے سائرن بجائے گئے، ایک منٹ کے لیے خاموشی اختیار کی گئی۔ بشام شہر میں نکالی گئی ریلی میں سکول کے بچے اور عام لوگ شریک ہوئے۔
راولاکوٹ کے ڈھلکوٹ اور آزاد پتن پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی۔ بھمبر آزاد کشمیر میں سیکڑوں افراد نے بھارت کے خلاف احتجاج کیا۔ ظاہر پیر میں نکالی گئی ریلی میں پاک فوج زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگے۔
شیخوپورہ کا ضلع کونسل ہال کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھا۔ اوکاڑہ کی سڑکیں بھی کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھیں۔ قصور کی ریلی میں سینکڑوں طلباء اور شہریوں نے شرکت کی، مظاہرین نے انڈیا کے خلاف نعرے بازی کی۔
گجرات میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی ترانے بجائے گئے۔ ننکانہ صاحب کی ریلی میں ڈی پی او نے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔ رحیم یار خان کی ریلی میں پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔ میانوالی میں نجی سکول کے طلباء و طالبات اور ٹیچرز نے ریلی نکالی۔
اٹک اور کرک میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی۔ پیر محل میں طلبا نے ریلی نکالی اور کشمیریوں کے حق میں نعرے بازی کی۔ بہاولپور میں ریسکیو 1122 کے افسران و عملے نے ریلی نکالی۔ نوشہرہ میں شوبرا چوک سے خیر آباد تک ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی۔
ڈیرہ بگٹی میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر اظہار یکجہتی کیا گیا۔ خان پور، اوچ شریف میں شہریوں نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ کشمور میں ہندو پنچائت کی جانب سے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی۔
ڈی جی خان، پاکپتن، ٹھٹھہ، سکردو، صادق آباد، وہاڑی، راجن پور، شکارپور، لیاقت پور، چشتیاں، مردان، شگر، شجاع آباد میں بھی کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا گیا۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدر مملکت عارف علوی نے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا بھارت نےسلامتی کونسل کی قراردادوں کی براہ راست خلاف ورزی کی، بھارت نے 80 لاکھ کشمیریوں کو اپنی ہی سر زمین پر قیدی بنا رکھا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا آج کا دن کشمیریوں کیلئے اپنی حمایت کی تصدیق کا دن ہے، کشمیریوں کو 6 ماہ سے بھارت کے غیر انسانی لاک ڈاؤن کا سامنا ہے، جمہوریت اور انسانی حقوق سے متعلق بھارتی دعوے بے نقاب ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا بھارت نے 9 لاکھ فوج کے ذریعے کشمیریوں کو اُن کی سر زمین پر قیدی بنا دیا، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا رہے گا، دنیا خطے کے امن و سلامتی کو خطرات سے بچانے کیلئے کردار ادا کرے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر کہا ہم دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ نے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، کشمیریوں کے لیے ہماری غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی، پائیدار امن ابھی تک ایک خواہش سے زیادہ کچھ نہیں، بھارتی افواج صرف کنٹرول لائن پر جان بوجھ کر سول آبادی کو جارحیت کا نشانہ بناتی ہے، آج ہمارے فوجی جوانوں اور شہریوں کی لازوال قربانیاں جدوجہد کشمیر کو زندہ رکھے ہوئے ہیں، پاکستان فوج اپنے فرائض کی انجام دہی میں بہت مستعد ہے، ہرقسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے اپنے پیغام میں کہا سات دہائیوں سے یو این قراردادوں کے برعکس کشمیری بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں، مسلح افواج مشکل کی اس گھڑی میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہیں۔ ائر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا یقین دلاتے ہیں کہ ہم ہر مشکل میں ان کے ساتھ رہیں گے۔ چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ہم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔