پنڈدادن خان(عمران حیدرببلی) مکہ دفاعی معاہدہ پر عمل وقت کی اہم ضرورت ہے مرکزی علماء کونسل ضلع جہلم
۔مرکزی علماء کونسل ضلع جہلم کا سعودی عرب سے اظہارِ یکجہتی، حرمین الشریفین کے تحفظ کے لیے عالمی برادری سے فوری اقدامات کا مطالبہ
ضلع بھر میں جمعہ اجتماعات کے دوران قراردادیں منظور، سعودی عرب، حرمین الشریفین اور عمرہ زائرین کو نشانہ بنانے والے حملوں کی مذمت؛ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے مابین دفاعی معاہدے پر عمل درآمد کا مطالبہ
مرکزی علماء کونسل ضلع جہلم کے زیر اہتمام ضلع بھر میں جمعہ کے اجتماعات کے دوران سعودی عرب کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور مدینہ منورہ، ریاض سمیت دیگر مقامات پر حوثی حملوں، عمرہ زائرین کو نشانہ بنانے اور حرمین الشریفین کے امن و تحفظ سے متعلق واقعات کے خلاف متفقہ قراردادیں پیش کی گئیں۔ قراردادوں میں ان واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان، اقوام متحدہ، تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) اور عالمی برادری سے فوری نوٹس لینے اور مؤثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
مرکزی علماء کونسل ضلع جہلم کے زیر اہتمام ضلع بھر میں علماء نے جمعہ کےاجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حرمین الشریفین پوری امت مسلمہ کے روحانی اور عقیدت کے مراکز ہیں اور ان کا تقدس ہر مسلمان کے لیے انتہائی محترم ہے۔ مقدس مقامات، سعودی عرب کی سرزمین اور زائرین کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے اقدامات کسی صورت قابل قبول نہیں۔
علماء کرام نے کہا کہ مشکل حالات میں برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار پاکستان کے علماء اور عوام کی دینی، اخلاقی اور ملی ذمہ داری ہے۔ پاکستان کے علماء اور عوام حرمین الشریفین کے امن، حرمت اور احترام کے لیے ہمیشہ آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مشکل گھڑی میں مرکزی علماء کونسل پاکستان سعودی حکومت اور سعودی عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
مرکزی علماء کونسل کے زیر اہتمام جمعہ اجتماعات کے دوران قراردادیں پیش کی گئیں قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا کہ سعودی عرب، حرمین الشریفین اور عمرہ زائرین کو نشانہ بنانے کے واقعات کی فوری اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، اقوام متحدہ اور او آئی سی ان واقعات کا نوٹس لے کر مؤثر اقدامات کریں اور مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ سمیت دیگر مقدس مقامات کے امن و تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
قراردادوں میں مزید کہا گیا کہ عمرہ زائرین اور سعودی عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فول پروف انتظامات کیے جائیں اور عالم اسلام باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر تحفظِ حرمین الشریفین کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرے۔ مرکزی علماء کونسل پاکستان نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے مابین دفاعی معاہدے کی تمام شقوں پر فوری عمل درآمد کا بھی مطالبہ کیا۔
مرکزی علماء کونسل پاکستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے علماء سعودی عرب کے امن و استحکام، حرمین الشریفین کے تقدس اور زائرین کی سلامتی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔
