پنجاب حکومت نے کورونا کیسز والے علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا۔ جس مارکیٹ، بازار، آفس، شادی ہال میں ماسک کی پابندی نہیں کی جائے گی اسے بند کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کورونا کی دوسری لہر سے عوام کو بچانے، حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کیلئے اہم فیصلے کئے گئے۔ کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا نے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔ کورونا کیسز والے علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ، بعض مارکیٹوں، بازاروں میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کا سخت نوٹس، ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی مارکیٹوں، بازاروں کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں پازیٹو کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح بھی بڑھی ہے۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں 418 مریض زیر علاج ہیں۔ 76 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ضروری ایس ادویات، پی پی ایز کا وافر سٹاک موجود ہے۔ محکمہ صحت کورونا ٹیسٹوں کیلئے مزید پی سی آر کٹس خریدے گا۔
وزیر صنعت میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ جن علاقوں میں مریضوں میں اضافہ ہوا وہاں سمارٹ لاک ڈاون کیا جائے گا۔ کورونا کی دوسری کہر پر قابو پانے کیلئے ہر اقدام اٹھائیں گے۔ شہریوں کے ماسک کی پابندی نہ کرنے سے مریضوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ بازاروں، مارکیٹوں میں ماسک کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرائیں گے۔ تاجر بازاروں میں ماسک پہننے کی پابندی پر عمل کرانے کے پابند ہوں گے۔ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والی مارکیٹوں، بازاروں کو وارننگ دینگے۔ ایسی مارکیٹوں اور بازاروں کو سیل بھی کیا جائے گا۔ ہسپتالوں میں بستروں کی بہترین مینجمنٹ کیلئے لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا۔ بستروں کی مینجمنٹ کیلئے الگ ڈیش بورڈ بنایا جائے گا۔ ڈیش بورڈ پر ہسپتالوں میں بستر کے حوالے سے معلومات دستیاب ہوں گی۔ عوام کی صحت سب سے زیادہ مقدم ہے۔ عوام کی زندگیوں کے تحفظ کیلئے ضروری فیصلے کیے جائیں گے۔
راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی کو کورونا ہسپتال قرار دینے کا فیصلہ، اجلاس میں ریپڈ ٹیسٹ بھی متعارف کرانے کی تجویز پر غور، ریپڈ ٹیسٹ متعارف کرانے بارے ٹیکنیکل گروپ حتمی سفارشات پیش کرے گا۔ شادی ہالوں اور مارکیز میں شادی بیاہ کی تقریبات کے حوالے سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور صوبائی وزیرصنعت میاں اسلم اقبال کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی شادی تقریبات اور شادی ہالوں و مارکیز کے ایس او پیز کے حوالے سے 24 گھنٹے میں حتمی سفارشات پیش کرے گی۔
صوبائی وزرا ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال، معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ، اعلیٰ افسران اور عسکری حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ کمشنر ملتان ڈویژن اور کمشنر راولپنڈی ڈویژن ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔