پنجاب حکومت کا ریسٹورنٹس کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کورونا کابینہ کمیٹی اجلاس میں ریسٹورنٹس کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت کو ریسٹورنٹس کھولنے کی سفارش کردی ہے۔ قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں سفارش حتمی منظوری کیلئے پیش کی جائے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ پنجاب میں مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کے اوقات کار صبح نوسے پانچ بجے ہوں گے۔ پنجاب میں مارکیٹیں، بازار اور شاپنگ مالز کو ہفتہ میں چار دن کام کی اجازت ہوگی۔ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو مارکیٹیں، شاپنگ مالز اور بازار بند رہیں گے۔
اجلاس میں مری اور گلیات میں ہوٹلز کو اجازت دینے کیلئے وفاق سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تفریحی مقامات کو سیاحوں کیلئے کھولنے کی وفاقی حکومت سے سفارش کی جائے گی۔
وزیر قانون راجہ بشارت، سینئر وزیر عبدالعلیم خان اور وزیر تجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس میں شرکت کی۔ محکمہ صحت کے حکام نے اجلاس کو کورونا بارے بریفنگ جبکہ انتظامی اداروں نے ایس او پیز پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی۔