لاہور: پنجاب حکومت نے ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ مافیا کیخلاف گھیرا تنگ کردیا۔ گزشتہ 3 ماہ کے دوران کارروائیوں کی رپورٹ جاری کر دی گئی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گرانفروشی پر 2 ہزار چار سو چھپن افراد گرفتار، دو ہزار پانچ سو تیئس مقدمات درج اور بارہ کروڑ چوراسی لاکھ روپے کے جرمانے کئے گئے۔
رپورٹ کے مطابق 20 ہزار چینی کی بوری، 302 بوری چاول، 3130 بوری گندم، 3629 آٹے کے تھیلے اور 35 ہزار کلو ذخیرہ کیا گیا گھی بھی برآمد کیا گیا۔ ملاوٹ مافیا کیخلاف کارروائیوں کے دوران 3118 یونٹس سیل کیے گئے۔ ملاوٹ مافیا کیخلاف 148مقدمات درج اور 15 کروڑ روپے کے جرمانے کیے گئے۔
سات ہزار کلو گرام مضر صحت گوشت، 14 لاکھ لیٹر دودھ، 13 سو کلو گرام مصالحہ جات تلف کئے گئے۔ 23 سو کلو گرام مضر صحت دالیں، 10 ہزار کلو گرام گھی اور 34 سو لیٹر پانی تلف کیا گیا۔
چیف سیکرٹری پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق اشیائے خورونوش کی قیمتوں اور دستیابی کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور ملاوٹ کے مرتکب عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کو ہدایت دی کہ اشیائے خورونوش میں ملاوٹ کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کیا جائے۔ ملاوٹ کے جرم کے مرتکب عناصر لوگوں کی صحت اور زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔ ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
چیف سیکرٹری نے کہا ہے کہ اشیا کی طلب اور رسد کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشگی منصوبہ بندی از حد ضروری ہے۔ ڈپٹی کمشنرز ہر سہولت بازار سے استفادہ کرنے والے صارفین کی تعداد سے متعلق جامع رپورٹ بھجوائیں۔