پنجاب حکومت نے ہر قسم کے جلوس اور اعتکاف پر پابندی عائد کر دی
لاہور: پنجاب حکومت نے رمضان کے آخری عشرہ اور یوم علی کے موقع پر ہر قسم کے جلوس اور اعتکاف پر پابندی عائد کر دی۔ خیبرپختونخوا میں بھی امام بارگاہوں میں ایس او پیز کے تحت صرف مجالس کی اجازت ہوگی، سندھ اور بلوچستان میں تمام مذہبی اجتماعات پر پابندی ہوگی۔ اعلامیے کے مطابق علما حضرات اجتماعات سے گریز کریں۔
یوم حضرت علیؓ کے موقع پر پنجاب میں امام بارگاہوں اور گھروں میں مجالس کی اجازت ہوگی، ایس او پیز کے مطابق مجالس زیادہ سے زیادہ ایک گھنٹہ تک جاری رکھی جا سکیں گی۔ ایس او پیز پر عمل نہ ہونے کی صورت میں مجالس کی انتظامیہ کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔
پشاور سمیت صوبے بھر میں یوم علیؓ کے تمام جلوسوں پر پابندی عائد ہے۔ محکمہ ریلیف خیبر پختونخوا نے اعلامیہ جاری کر دیا۔ اعلامیے کے مطابق صرف امام بارگاہوں میں ایس او پیز کے تحت صرف مجالس کی اجازت ہوگی۔
سندھ میں رمضان المبارک کے آخری عشرے پر مذہبی اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی۔ سندھ حکومت کے اعلامیے کے مطابق کراچی سمیت صوبے بھر میں جلسے اور جلوس کی برآمدگی ممنوع ہوگی، کسی کو بھی کھلے مقامات پر جلسے جلوس کی اجازت نہیں، شہری گھروں میں رہتے ہوئے عبادات کو انجام دیں۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان میں بھی تمام مذہبی اجتماعات پر پابندی ہوگی۔ محکمہ داخلہ کے اعلامیے کے مطابق یوم علیؓ کے موقع پر اجتماعات کی اجازت نہیں ہوگی، علماء حضرات اجتماعات سے گریز کریں۔