لاہور: لاہور سمیت پنجاب بھر میں مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا ہے۔ شہری اس صورتحال میں دو وقت کی روٹی کو بھی ترسنے لگے ہیں۔ آٹا، چینی، گوشت اور سبزیوں سمیت سب چیزیں عوام کی دسترس سے باہر ہونے لگی ہیں۔
مارکیٹ میں آٹے کے 10 اور 20 کلو تھیلے کی قلت برقرار ہے۔ کھلا سرخ آٹا 60 سے 65 اور سفید فائن 80 روپے سے کم میں دستیاب نہیں ہے۔ چکی آٹے کی قیمت 78 سے 80 روپے کلو تک جا پہنچی ہے جبکہ چینی بھی 110 روپے کلو تک فروخت ہونے لگی ہے۔
برائلر کی فی کلو قیمت ایک ہی روز میں 19 روپے بڑھ چکی ہے جبکہ انڈے 160 فی درجن ہو گئے ہیں۔ فی کلو قیمت 252 روپے تک جا پہنچی ہے۔ ایک ماہ کے دوران مرغی کا گوشت 44 روپے فی کلو مہنگا ہو چکا ہے۔
مرغی کا گوشت تو ایک طرف سبزیوں کی قیمتوں میں بھی عوام کی سکت جواب دینے لگی ہے۔ انتظامیہ ریٹ لسٹ پر بھی عمل درآمد کروانے میں مسلسل ناکام ہے۔ شہری کہتے ہیں کہ مہنگائی بے قابو ہو چکی ہے۔ حکومت کی جانب سے ریلیف دینے کے دعوے بھی ہوا ہو گئے ہیں۔