پشاور کے بعد کراچی کے 2 کالجز میں 8 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق
کراچی: سندھ میں تعلیمی ادارے کھلتے ہی کورونا کے کیسز آنا شروع ہوگئے، سندھ کے 2 کالجز کے 8 ممبران کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔
صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کے ذریعے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حیدر آباد کے ڈسڑکٹ مٹیاری کے دو کالجز میں عملےکے 8 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، کورونا وائرس کے کیسز آنے کے بعد دونوں کالجز کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
8 staff members tested Covid positive in two colleges of District Matiari. Both Colleges have been closed.
— Senator Saeed Ghani (@SaeedGhani1) September 17, 2020
خیال رہے کورونا وائرس سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 399 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 3 ہزار 634 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 545 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 98 ہزار 41، سندھ میں ایک لاکھ 32 ہزار 818، خیبر پختونخوا میں 37 ہزار 185، بلوچستان میں 13 ہزار 798، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 336، اسلام آباد میں 16 ہزار 5 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 ہزار 451 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 30 لاکھ 56 ہزار 795 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 31 ہزار 808 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 2 لاکھ 91 ہزار 169 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 593 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 6 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 399 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 223، سندھ میں 2 ہزار 451، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 257، اسلام آباد میں 178، بلوچستان میں 145، گلگت بلتستان میں 79 اور آزاد کشمیر میں 66 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔