کراچی: پاک بحریہ کی اہم میری ٹائم مشق سی سپارک 2020ء کا ڈی بریف سیشن آج کراچی میں منعقد ہوا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
یہ مشق پاک بحریہ کے آپریشنل منصوبوں کی توثیق کے لئے بحیرہ عرب میں منعقد کی گئی جس میں پاک بحریہ کے اثاثوں، پلیٹ فارمز، سپیشل فورسز اور پاک میرینز کے دستوں کے علاوہ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی، پاک فوج اور پاک فضائیہ نے بھی مشق میں بھرپور شرکت کی۔
ڈی بریف سیشن کے دوران ڈپٹی چیف آف دی نیول سٹاف (آپریشنز) نے مشق کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ مشق سے حاصل ہونے والے ثمرات کی جانچ کے لئے مشق کے عملی انعقاد کو زیر بحث لایا گیا۔ آخر میں جنگی حکمت عملی اور منصوبوں کی تجدید کیلئے سفارشات بھی پیش کی گئیں۔
بعد ازاں چیف آف دی نیول سٹاف نے اپنے اختتامی خطاب میں گرے ہائبرڈ جنگی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے بڑے پیمانے پر مشقوں کے انعقاد کے ذریعے آپریشنل منصوبوں کی جانچ پڑتال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے متعدد چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور مشق کے دوران دکھائی جانے والی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
چیف آف دی نیول اسٹاف نے مزید کہا کے پاک بحریہ دشمن کی جانب سے کی جانے والی کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاک بحریہ سمندری دفاع کو یقینی بنانے اور قومی بحری مفاد کو ہر قیمت پر تحفظ دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔
مشق سی سپارک کے انعقاد کا مقصد پاک بحریہ کی جنگی اور آپریشنل تیاری کا جائزہ لینا تھا۔ مشق نے تینوں مسلح افواج کے مابین ہم آہنگی کے فروغ، مختلف آپریشنل منصوبوں کی توثیق کرنے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بڑھانے ا ور اُن کے تبادلے کانادر موقع بھی فراہم کیا۔
اس مشق کے اختتامی اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے اعلی افسروں سمیت مختلف وزارتوں کے قابل ذکر نمائندوں نے بھی شرکت کی۔